
پاکستان :قصور میں بھارتی جارحیت کے دوران شہید ہونے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ،دشمن کو دوٹوک پیغام
ہم نہ کبھی ڈرے، نہ جھکے، اور آج ہم نے ثابت کر دیا کہ امن ہماری خواہش ضرور ہے لیکن اگر کسی نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے بھرپور جواب دیں گے
(سید عاطف ندیم-پاکستان): قصور کے علاقے کھڈیاں خاص میں بھارتی جارحیت کے دوران شہید ہونے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر علاقے کی فضا پاکستان زندہ باد اور افواجِ پاکستان کے حق میں نعروں سے گونجتی رہی۔نمازِ جنازہ میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وفاقی وزیرِ مملکت ملک رشید احمد خان، رکنِ صوبائی اسمبلی ملک سعید، سینئر سول و فوجی افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ یہ میری زندگی کا سب سے قابلِ فخر لمحہ ہے کہ میں ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یہاں موجود ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم نہ کبھی ڈرے، نہ جھکے، اور آج ہم نے ثابت کر دیا کہ امن ہماری خواہش ضرور ہے لیکن اگر کسی نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے بھرپور جواب دیں گے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جو قوتیں ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھتی ہیں، وہ جان لیں کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہماری افواج نے ہمیشہ وطنِ عزیز کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانہ پیش کیے، اور قوم کے ہر بچے، بوڑھے اور جوان نے جذبہ حب الوطنی کے ساتھ ان کا ساتھ دیا۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں یادگار دن ہے، پوری قوم چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، سربراہ پاک فضائیہ اور نیول چیف کو سلام پیش کرتی ہے۔ بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا گیا ہے، اور پوری قوم اس عظیم کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے۔اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، اور شرکاء نے پاک فوج زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ ہم ایک قوم ہیں، اور بھارت کبھی ہمیں شکست نہیں دے سکتا۔