
این ڈی ایم اے کی نمائش میں پاکستان آرمی کا جدید پل ’’کاش برج‘‘ توجہ کا مرکز بن گیا
پل اپنی کامیابی کے باعث عالمی دلچسپی کا مرکز بن چکا ہے اور ترکی نے اسے پاکستان آرمی سے ایک کومبو پیکیج کی صورت میں خرید لیا ہے
(سید عاطف ندیم-پاکستان): نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے زیرِ اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ ڈیزاسٹر ریلیف نمائش کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس میں مختلف قومی اداروں نے شرکت کرتے ہوئے اپنی تحقیق، اختراعات اور جدید ٹیکنالوجی سے تیار کردہ منصوبے پیش کیے۔
نمائش میں پاکستان آرمی کے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (R&D) ونگ نے "کاش برج” کے نام سے ایک جدید، ہلکا پھلکا اور فوری تنصیب کے قابل پل کا عملی مظاہرہ کیا۔ یہ پل ہنگامی حالات، قدرتی آفات اور جنگی مواقع پر آمدورفت کو ممکن بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے، اور مقامی وسائل سے مکمل طور پر پاکستان میں ہی تیار کیا گیا ہے۔
اس منفرد منصوبے کو نہ صرف ملکی سطح پر پذیرائی ملی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اسے سراہا گیا ہے۔ نمائش کے دوران نیو ٹیک کے ریکٹر میجر جنرل معظم نے آرمی کے اسٹال کا خصوصی دورہ کیا، جہاں کرنل سید کاشف ندیم بخاری نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں کرنل سید کاشف نے بین الاقوامی نشریاتی ادارے وائس آف جرمنی کے کنٹری ہیڈ سید عاطف ندیم کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں "کاش برج” کی تکنیکی خصوصیات اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پل اپنی کامیابی کے باعث عالمی دلچسپی کا مرکز بن چکا ہے اور ترکی نے اسے پاکستان آرمی سے ایک کومبو پیکیج کی صورت میں خرید لیا ہے۔
نمائش میں شریک ملکی و غیر ملکی ماہرین اور اعلیٰ حکام نے آرمی کی اس پیشکش کو ایک تکنیکی سنگِ میل قرار دیا، جو پاکستان کی خود انحصاری اور دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کی واضح مثال ہے۔
این ڈی ایم اے کی اس نمائش کا مقصد پاکستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا، اور متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔