
نیب لاہور کی فارمانائیٹس ہائوسنگ سکینڈل کے 1446متاثرین میں 1 ارب 34 کروڑ روپے تقسیم کا آغاز: ڈی جی نیب لاہور احترام ڈار
چیئرمین نیب کیجانب سے عوام کو بھرپور ریلیف فراہمی کی ہدایات پرعملدرآمد کروا رہے ہیں
(سید عاطف ندیم-پاکستان): قومی احتساب بیورو (نیب)، لاہور کی جانب سے اہم پیش رفت کے طور پر فارمانائیٹس ہائوسنگ سوسائٹی کے 1446 متاثرین کی 1 ارب 34 کروڑ کی ریکوری مکمل کرتے ہوئے فوری طور پر متاثرین میں رقوم کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر نیب لاہور کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ، محمد احترام ڈار نے متاثرین کی سہولت کے پیشِ نظر چیک وصولی کیلئے سٹامپ پیپر ہمراہ لانے کی شرط ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ چیئرمین نیب کی جانب سے فارمانائیٹس ہائوسنگ سوسائٹی کے تمام متاثرین میں عیدالاضحٰی سے قبل چیک تقسیم کا عمل مکمل کرنے کی خصوصی ہدایات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے نیب لاہور بیورو کو بروز ہفتہ اور اتوار کھلا رکھنے اور متاثرین کو سروس فراہمی کا سلسلہ جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
ڈی جی نیب لاہور نے مزید آگاہ کیا کہ چیئرمین نیب کی واضح ہدایات ہیں کہ عام عوام کو ترجیہی بنیادوں پر ریلیف فراہم کیا جائے تاہم ماضی میں بھی نیب لاہور انتہائی قلیل مدت میں ہزاروں متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور، محمد احترام ڈار نے کہا کہ ہائوسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین کے نقصانات کا ازالہ ہماری پہلی ترجیح ہے۔ تاہم ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ فارمانائیٹس ہائوسنگ سکینڈل کے تمام متاثرین اپنے کلیمز کی بابت اصل دستاویزات اپنے ہمراہ ضرور لائیں۔