
پنجاب گورنمنٹ مریم نوازنے تاریخ رقم کردی،90 روزمیں 61 ارب کے قرضے فراہم،57913 نئے کاروبار شروع
ہ چیف منسٹرآسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 3010 افراد کو 18 ارب روپے کے لون جاری کیے گئے ہیں
(سید عاطف ندیم-پاکستان):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تاریخ رقم کر دی، صرف 3ماہ میں ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد کو 61 ارب روپے کے قرضے فراہم کر دیے گئے۔
پنجاب میں پہلی مرتبہ 90روز میں 57913 نئے کاروبار شروع ہونے کا ریکارڈ بن گیا۔ نئے کاروبار شروع کرنے کیلئے 23ارب 91 کروڑ روپے کے قرض جاری کئے گئے۔ پہلی مرتبہ 6753 خواتین نے کاروبار چلانے کیلئے3 ارب 42 کروڑ روپے کے لون لے لئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آسان کاروبار فنانس اورکارڈ لون کیلئے زیرغور درخواستوں کا پراسس جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر آسان کاروبار کارڈ اب واٹس ایپ کے ذریعے بھی ایکٹو کیا جا سکے گا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایکسپورٹ اور مینو فیکچرنگ سیکٹر لون کے لئے پلان طلب کر لیا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ پروگرام کسی صورت نہیں رکنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایم ڈی پی ایس آئی سی سارہ عمر نے آسان کاروبار سکیم پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ چیف منسٹرآسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 3010 افراد کو 18 ارب روپے کے لون جاری کیے گئے ہیں، چیف منسٹر آسان کاروبار کارڈ سکیم کے تحت ایک لاکھ4 ہزار افراد کو 43ارب روپے کے قرض کا اجراء کیا گیا ہے۔
چیف منسٹر آسان کاروبارفنانس کے لئے 74579درخواستیں موصول ہوئیں،2505 درخواستیں منظور کی گئیں اورقرضے فراہم کیے گئے۔ چیف منسٹر آسان کاروبار فنانس فیز ٹو کے لئے12029 درخواستیں موصول ہوئں،505 کومنظور کرتے ہوئے قرضے دیے گئے۔ چیف منسٹر آسان کاروبار کارڈ سکیم کے لئے 1380838 درخواستیں موصول ہوئیں،104133 منظور کی گئیں۔
ٹرانسپورٹیشن کاروبار کے لئے 1312افراد نے 3ارب 91کروڑ روپے کے قرض حاصل کئے۔ ٹریڈنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن کے لئے 175افراد نے 3 ارب94 کروڑ روپے کے قرض حاصل کئے۔ پروفیشن سروسزایگری کلچر، ڈیری، فوڈ، بیوٹیشن،آٹو، فرٹیلائزر،پیسٹی سائیڈاوردیگر کاروبار کے لئے بھی لون حاصل کرنے کا رحجان دیکھنے میں آیا۔
آسان کاروبار کارڈ کے ذریعے سروسزمہیا کرنے والے سب سے زیادہ 61996افراد نے 26ارب 13کروڑ روپے کے لون لئے۔ ٹریڈنگ کے لئے 24522 افراد نے 10ارب 75کروڑ روپے کے قرض حاصل کئے۔ ایگری سمال بزنس کے لئے10699افراد نے 3ارب69کروڑ روپے کے قرض لئے۔