
پنجاب گورنمنٹ ترکیہ کی بھارتی جارحیت پرغیر مشروط حمایت پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی: مریم نواز
پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، علاقائی امن اور ثقافتی روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا
(سید عاطف ندیم-پاکستان): وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کی بھارتی جارحیت پر حالیہ غیر مشروط حمایت پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے بھارتی جارحیت پر ترکیہ کی پاکستان کی دوٹوک حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ترکیہ کے سفیر نذیراوغلو کا پرخلوص و پر تپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، علاقائی امن اور ثقافتی روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکیہ کی بھارتی جارحیت پر سفارتی،اخلاقی اور سٹریٹجک سطح پر غیر متزلزل یکجہتی پر سپاس گزار ہے،صدر اردوان کا یہ کہنا کہ‘ہم اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ ہیں ’ دلوں میں نقش ہو چکا ہے، سب پاکستانی ترکیہ کے بہن بھائیوں کے لیے دلی محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ترکیہ کی بھارتی جارحیت پر حالیہ غیر مشروط حمایت پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، پاکستان اور ترکیہ صرف اتحادی نہیں، بلکہ ایمان، ثقافت اور تاریخ میں جُڑے ہوئے بھائی ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ اقدار کی درخشاں علامت ہیں۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم کے وزٹ کے دوران حکومت ترکیہ اور خاتون اول کی مہمان نوازی پر بے حد مشکور ہوں، پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تجارت میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، تجارت کو مزید تقویت دینے کے لیے ترکیہ کے ساتھ اشتراک کار بڑھائیں گے، 7ویں ہائی لیول سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے دوران 24 معاہدوں پر دستخط خوش آئند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ترکیہ کے ساتھ دوستی کو معاشی تحریک میں بدلنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، پنجاب کے پاس برآمدات کی بے مثال صلاحیت،سرمایہ کار دوست انفراسٹرکچر اور دیگر بہترین مواقع موجود ہیں، ترکی اور پاکستان کی مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی نمایاں ہے، پاک ترکیہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں، پاک ترکیہ باہمی رشتہ وقت کی آزمائشوں میں کندن ہو کر مزید مضبوطی اور کامیابیوں کی نوید دے رہا ہے۔