
شاہدآفریدی پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے لائن آف کنٹرول پہنچ گئے
کشمیر کےلوگ پیار،محبت اور امن والے ہیں، کشمیری بھی بھارتی جارحیت میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہے
ماضی کے نامور کرکٹر شاہد آفریدی پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر وادی لیپا پہنچ گئے، سابق کرکٹر نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سابق اسٹار کرکٹر نے کہا کہ کشمیر کےلوگ پیار،محبت اور امن والے ہیں، کشمیری بھی بھارتی جارحیت میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہے، کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرنے لیپہ سیکٹر آیا ہوں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ افواج پاکستان ہمیشہ امن کی خواہاں رہی ہیں، تاہم دفاع وطن میں اقدام اٹھانا مجبوری ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آج بھی حق خود ارادیت کےلیےقربانیاں دے رہےہیں، وہ وقت دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے، اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ظلم بند کروانے کےلیے کردار ادا کرے۔
شاہد آفریدی نے دوران جنگ ملکی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے دوران میڈیا کا مثبت کردار قابل تعریف ہے۔