
ایئر چیف مارشل کا اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر کا دورہ
قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کی یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
(سید عاطف ندیم-پاکستان):پاک فضائیہ کے سربراہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے راولپنڈی میں اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر کا دورہ کیا اور شہید افسر کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور خاندان کو دلی تعزیت پیش کی۔
ایئر چیف نے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس پر دشمن کے حالیہ حملے کے دوران اپنی جان کا نذرانہ دے کر اعلیٰ فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کی یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
بعد ازاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ، پاک فوج اور حملے میں زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی، ان کے جذبے اور حوصلے کو سراہا اور ان کے لیے ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت جاری کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر قیمت چکانے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائیہ کے افسران اور جوانوں کی بہادری، قربانی اور عزم ہمیشہ قوم کا فخر رہیں گے۔