پاکستان پریس ریلیز

پاکستان پنجاب گورنمنٹ:‌وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے رابطہ، خضدار میں اسکول وین پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

مریم نواز نے زور دیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مشترکہ انٹیلیجنس اور سیکیورٹی میکانزم کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے

(سید عاطف ندیم-پاکستان): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خضدار میں اسکول وین پر دہشت گرد حملے کے افسوسناک واقعے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور واقعے پر گہرے دکھ، افسوس اور غم کا اظہار کرتے ہوئے معصوم بچوں کے قتل کو ایک سفاکانہ اور ناقابل معافی جرم قرار دیا۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران مریم نواز نے کہا کہ بچوں کو نشانہ بنانا نہ صرف دہشت گردوں کی بزدلی کی علامت ہے بلکہ یہ انسانیت کے خلاف ایک گھناؤنا جرم ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
"دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے”
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے قومی عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ پاکستان کو پرامن اور محفوظ ملک بنانے کے لیے تمام صوبے اور ادارے ایک صفحے پر ہیں۔ مریم نواز نے زور دیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مشترکہ انٹیلیجنس اور سیکیورٹی میکانزم کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے سرفراز بگٹی کو یقین دہانی کروائی کہ پنجاب حکومت اس کڑے وقت میں بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا اظہار تشکر
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اظہار ہمدردی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ خضدار حملے کے بعد سیکیورٹی ادارے پوری طرح متحرک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو جلد قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
ملک بھر میں غم و غصہ
خضدار میں اسکول وین پر دہشت گرد حملے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ معصوم طلبہ کی جانیں لینے والے اس واقعے کی سیاسی، سماجی، مذہبی اور تعلیمی حلقوں کی جانب سے شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
ملک کے مختلف شہروں میں اس افسوسناک واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں، جہاں شہریوں نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیم کے مراکز اور بچوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے۔
تعلیمی اداروں میں فضا سوگوار
اس دل دہلا دینے والے واقعے کے بعد بلوچستان اور دیگر صوبوں کے تعلیمی اداروں میں بھی سوگ کی فضا چھائی ہوئی ہے۔ اساتذہ اور طلبہ نے شہید بچوں کے لیے دعائیہ تقریبات منعقد کیں اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button