پاکستاناہم خبریں

انڈیا خود دہشت گردی کا مرتکب، پاکستان علاقائی امن و استحکام کا ضامن ہے: کور کمانڈر کانفرنس

خوف کی فضا پیدا کرنے اور پراکسیز کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو مکمل قومی قوت کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا

(سید عاطف ندیم-پاکستان): چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت منعقدہ 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں قومی خودمختاری، داخلی سلامتی اور علاقائی استحکام کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کانفرنس میں ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز، حالیہ دفاعی کامیابیوں اور انڈیا کی جانب سے جاری دہشت گردی و پراکسی نیٹ ورکس کے خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، فورم نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ انڈیا خود دہشت گردی کا مرتکب ہے اور خطے میں عدم استحکام کی جڑ ہے۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پر دباؤ ڈالنے، خوف کی فضا پیدا کرنے اور پراکسیز کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو مکمل قومی قوت کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔


معرکہ حق کی قیادت پر سیاسی قیادت کو خراج تحسین

فورم نے معرکہ حق کے دوران سیاسی قیادت کی دور اندیشی، استقامت اور قومی رہنمائی کو سراہا اور ان کے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ سول و عسکری قیادت کے درمیان اعتماد اور یکجہتی ہی پاکستان کی حالیہ تاریخی کامیابیوں کی بنیاد بنی۔


میڈیا اور نوجوان نسل کا بھرپور کردار

کانفرنس میں پاکستانی میڈیا اور انفارمیشن وارئیرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے بھارتی پروپیگنڈے، جھوٹے بیانیے اور جنگی جنون کا بھرپور مقابلہ کیا اور سچائی پر مبنی مؤثر بیانیہ عوام تک پہنچایا۔ فورم نے پاکستانی نوجوانوں کی حب الوطنی، جذبے اور قومی بیانیہ کو اجاگر کرنے میں ان کے فعال کردار کی بھی دل کھول کر تعریف کی۔


بھارتی جارحیت اور پراکسی نیٹ ورکس پر شدید تشویش

فورم نے واضح کیا کہ انڈیا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے پراکسی دہشت گرد نیٹ ورکس کا مسلسل استعمال کر رہا ہے۔ خاص طور پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں انڈین حمایت یافتہ گروپوں کی سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شرکاء نے ان کے مکمل صفایا کے لیے تمام ریاستی وسائل کے بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کانفرنس کے آغاز پر آپریشن "بنیان مرصوص” اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس حملے میں چار معصوم بچے اور دو بے گناہ شہری شہید ہوئے، جسے فورم نے بھارتی پشت پناہی سے چلنے والی سفاک دہشت گردی کا شاخسانہ قرار دیا۔


پاکستان کا دفاعی ردعمل مثالی قرار

کور کمانڈرز کانفرنس نے پاکستان کے بروقت، محدود اور مؤثر دفاعی ردعمل کو ایک مثالی اور تدبر پر مبنی تزویراتی حکمت عملی کا عکاس قرار دیا۔ فورم نے واضح کیا کہ پاکستان کبھی بھی جارحیت میں پہل نہیں کرتا، لیکن دشمن کے کسی بھی حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

شرکاء نے حالیہ معرکہ حق میں پاک فضائیہ، بری اور بحری افواج کی ہم آہنگ کارروائیوں کو سراہا، جنہوں نے بھارتی حملوں کا نہ صرف دفاع کیا بلکہ دشمن کو مؤثر طور پر پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔


فیلڈ مارشل کے اعزاز پر آرمی چیف کو مبارکباد

فورم کے شرکاء نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو "فیلڈ مارشل” کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے نوازے جانے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی قومی سلامتی، تزویراتی ویژن اور عسکری قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ فورم نے کہا کہ ان کی قیادت میں افواج پاکستان نے ایک نئی عسکری تاریخ رقم کی ہے۔


بین الاقوامی برادری انڈین دہشت گردی کا نوٹس لے

فورم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی، پراکسیز کی فنڈنگ اور علاقائی امن کو خطرے میں ڈالنے والی سازشوں کا سخت نوٹس لے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ انڈیا خود کو دہشت گردی کا شکار ظاہر کرتا ہے لیکن درحقیقت وہ اس خطے میں دہشت گردی کی جڑ اور مرکز ہے۔


ملک دشمن عناصر کا مکمل صفایا ہوگا

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک دشمن عناصر، چاہے وہ اندرونی ہوں یا بیرونی سرپرستی میں کام کر رہے ہوں، ان کا قومی طاقت کے تمام پہلوؤں سے قلع قمع کیا جائے گا۔ فورم نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button