پاکستان پریس ریلیز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا سانحہ خضدار میں زخمی دو بچیوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس — معصوم جانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، وزیرِ اعلیٰ

خضدار میں پیش آنے والا یہ اندوہناک سانحہ ہر دردمند دل کو لرزا دینے والا ہے۔ معصوم اور بے گناہ بچیاں کسی بھی معاشرے کی سب سے قیمتی متاع ہوتی ہیں

(سید عاطف ندیم-پاکستان): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والی دو معصوم بچیوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس دلخراش سانحے پر شہید بچیوں کے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہونے کا پیغام دیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ خضدار میں پیش آنے والا یہ اندوہناک سانحہ ہر دردمند دل کو لرزا دینے والا ہے۔ معصوم اور بے گناہ بچیاں کسی بھی معاشرے کی سب سے قیمتی متاع ہوتی ہیں، اور ان کی جان کا ضیاع ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ "ہماری دعائیں اور ہمدردیاں ان والدین اور خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنی کلیوں کو کھلنے سے پہلے ہی کھو دیا،” وزیراعلیٰ نے کہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معصوم جانوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ خضدار سانحے کے ذمہ داران کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر بچے کی جان کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، چاہے وہ ملک کے کسی بھی کونے میں ہوں۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور پرتشدد واقعات میں معصوم جانوں کا ضیاع ناقابلِ برداشت ہے، اور اس کے خلاف پورے ملک کو یکجہتی اور عزم کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی عوام اور حکومت اس دکھ کی گھڑی میں بلوچستان کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہید بچیوں کے خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے اور زخمیوں کے علاج و معالجے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خضدار میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں دو کمسن بچیاں شدید زخمی ہو گئی تھیں، جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئیں۔ اس واقعے نے پورے ملک میں غم اور افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button