
(سید عاطف ندیم-پاکستان): ترجمان پاک فوج لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا انتخاب ہمیشہ امن رہا ہے، لیکن اگر بھارت نے دوبارہ کسی قسم کی حماقت کی تو اسے پہلے سے بھی زیادہ سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا کی مختلف جامعات کے 2,500 سے زائد طلبا سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کی فوج اور قوم ہر چیلنج کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔
قوم اور فوج کے درمیان مثالی یکجہتی
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خطاب میں اس تاثر کو یکسر مسترد کر دیا کہ پاکستانی قوم اور افواج کے درمیان فاصلہ ہے۔ انہوں نے کہا، "دشمن نے یہ سمجھا کہ پاکستان میں فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا ہو چکی ہے، لیکن جیسے ہی حملہ ہوا، پوری قوم ایک ساتھ کھڑی ہوگئی۔ یہ آہنی دیوار دشمن کے تمام اندازے غلط ثابت کر گئی۔”
انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج کسی صورت شہری آبادی، عبادت گاہ یا غیر متعلقہ افراد کو نشانہ نہیں بناتی، کیونکہ یہ ایک پروفیشنل، پرامن اور اصولوں پر یقین رکھنے والی فوج ہے۔ ان کا کہنا تھا: "ہم نے اپنے جواب میں صرف دشمن کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔”
26 مقامات پر دشمن کو جواب دیا گیا
ڈی جی آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی فوج نے دشمن کے خلاف 26 مقامات پر جوابی کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ "مظفرآباد میں 7 سالہ ارتضیٰ کو جس بریگیڈ ہیڈکوارٹر کی شیلنگ سے شہید کیا گیا، ہم نے اس پورے ہیڈکوارٹر کو تباہ کیا۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ "6 اور 7 مئی کو جن ہوائی اڈوں سے بھارتی طیارے اڑے تھے اور جنہوں نے معصوم پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا، ہم نے ان ہوائی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا اور تباہ کیا۔”
دہشت گردی کے پیچھے بھارتی ہاتھ
ترجمان پاک فوج نے پاکستان میں جاری دہشت گردی کی تمام کارروائیوں کو بھارت سے جوڑتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سرگرم مسلح تنظیمیں اور خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج، سب کو بھارتی سرپرستی حاصل ہے۔ "جو لوگ مساجد کو شہید کرتے ہیں، بچوں کو ذبح کرتے ہیں، ان کا یہاں کی سرزمین یا روایات سے کوئی تعلق نہیں، وہ ہندوستان کے ایجنٹ ہیں،” لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا۔
افغان قیادت کو انتباہ اور برادر عوام سے اپیل
انہوں نے افغانستان کی عوام کو بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ افغانستان کی اشرافیہ ہے جو بھارت سے پیسہ لے کر پاکستان کے خلاف استعمال ہوتی ہے۔ "ہم اپنے افغان بھائیوں سے کہتے ہیں کہ اپنے ملک میں دہشت گردوں کو جگہ نہ دیں، بھارت کے آلہ کار نہ بنیں،” انہوں نے کہا۔
خارجی نظریے کی مخالفت
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (TTP) اور اس کے امیر نور ولی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "اسلام اور کفر اکٹھے نہیں ہو سکتے، جس طرح خارجی نظریہ اور اسلام بھی اکٹھے نہیں ہو سکتے۔” انہوں نے زور دے کر کہا کہ جو لوگ بھارتی مدد سے پاکستان میں خونریزی کر رہے ہیں، وہ کسی صورت اسلام کے نمائندہ نہیں ہو سکتے۔
کشمیر پر دوٹوک موقف
خطاب کے اختتام پر ترجمان پاک فوج نے ایک بار پھر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اور فوج کا عزم غیر متزلزل ہے، اور وقت دور نہیں جب "کشمیر بنے گا پاکستان” صرف نعرہ نہیں بلکہ حقیقت بنے گا۔