
پنجاب میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے جامع اقدامات: کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا اہم اجلاس، مون سون 2025 کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ
مون سون 2025 کی تیاری، ڈریجنگ (ڈی سلٹنگ)، موک ایکسرسائز، فلڈ رسک مینجمنٹ سروے، اور دریائی کٹاؤ سے تحفظ کے اقدامات شامل تھے
(سید کاشف ندیم-پاکستان): پنجاب میں مون سون 2025 کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے اور فلڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اہم اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا ایک اہم اجلاس ڈی ایم اے ہیڈ آفس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری احمد رضا سرور، سیکریٹری بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ پنجاب کے تمام ڈویژنل کمشنرز اور مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
پانچ نکاتی ایجنڈا زیر بحث
اجلاس میں پانچ نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا جس میں مون سون 2025 کی تیاری، ڈریجنگ (ڈی سلٹنگ)، موک ایکسرسائز، فلڈ رسک مینجمنٹ سروے، اور دریائی کٹاؤ سے تحفظ کے اقدامات شامل تھے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اجلاس کو مون سون سیزن 2025 کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژنز میں اوسط سے زائد بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی سلٹنگ اور موک ایکسرسائز
کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس کو اپنے اپنے اضلاع میں جاری ڈی سلٹنگ اور موک ایکسرسائز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق پنجاب بھر میں مرحلہ وار ڈی سلٹنگ مہم جاری ہے، جس کا مقصد نکاسی آب کی روانی کو بہتر بنانا اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے قبل حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔
راولپنڈی میں نالہ لئی کی مکمل ڈی سلٹنگ کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ راجن پور میں واہا کے علاقوں میں بھی ڈی سلٹنگ کے لیے گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں رودکوہی علاقوں میں ممکنہ سیلابی ریلوں سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات پر زور دیا گیا۔
فلڈ رسک مینجمنٹ سروے
کابینہ کمیٹی نے فلڈ رسک مینجمنٹ سروے کا تفصیلی جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ اس سروے کو دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ایک لاکھ سے زائد رہائشی و کمرشل عمارات کا سروے کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں رودکوہیوں کے اطراف میں جاری سروے کو 22 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
دریائی کٹاؤ سے تحفظ اور ماڈل سٹڈی کی منظوری
اجلاس میں دریائی کٹاؤ کے مسئلے کو سنجیدگی سے زیر غور لایا گیا اور دریائے چناب اور دریائے راوی کے متاثرہ علاقوں میں ماڈل سٹڈی کی منظوری دی گئی۔ اس حوالے سے تحصیل تاندلیانوالہ (فیصل آباد)، ٹھٹھہ، دوکہ، نیک وسلی، کچا گرنا قادر آباد، اور بلوکی لنک سرکل ضلع سرگودھا میں دریائی حفاظتی بندوں کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
تکنیکی معاونت و ڈیٹا سروسز
اجلاس میں پنجاب ایمرجنسی لائف ریسکیو اتھارٹی (پیلرا) کے ساتھ تکنیکی معاونت اور ڈیٹا سینٹر سروسز کے لیے G-2-G معاہدے کی بھی منظوری دی گئی تاکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے نظام کو مزید موثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔
اجلاس میں شریک محکمے
اجلاس میں محکمہ آبپاشی، لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ، لائیوسٹاک، تعلیم، فنانس، محکمہ ایمرجنسی سروسز، اور پنجاب پولیس کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی اور اپنے محکموں کے تحت اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک ہو کر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں تاکہ آنے والے مون سون سیزن میں عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ صرف ایک محکمہ نہیں بلکہ تمام محکموں کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور بروقت تیاری ہی ممکنہ آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کا واحد حل ہے۔