
بین الاقوامی
کشمیر کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پہلگام میں کابینہ اجلاس منعقد
کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پہلگام میں کابینہ اجلاس منعقد، سیاحت کو فروغ دینے اور اعتماد بحال کرنے کی حکمت عملی پر غور۔
پہلگام (فیاض لولو) : جموں و کشمیر میں پہلی بار حکومت کا کابینہ اجلاس سرینگر یا جموں (گرمائی یا سرمائی دارالحکومتوں) سے باہر، جنوبی کشمیر کے معروف سیاحتی مقام پہلگام کے کلب پارک میں منعقد کیا گیا۔ اس تاریخی اجلاس کی صدارت جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کی، جس میں تمام وزراء، محکموں کے سیکریٹریز اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع اننت ناگ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا، جب کہ پہلگام کو عالمی معیار کے سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کی حکمت عملی پر تفصیلی غور ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ سیاحت اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ بنیادی ڈھانچے میں بہتری، سہولیات کی فراہمی، اور ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
عمر عبداللہ حکومت کی جانب سے سیاحتی مقامات پر کابینہ اجلاس منعقد کرنے کا یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب 22اپریل کو بائسرن، پہلگام دہشت گردانہ حملے اور بعد ازاں بھارت اور پاکستان کے مابین چار روزہ جنگ کے بعد کشمیر میں وارد ہونے والے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اس تناظر میں حکومت نے فیصلہ کیا کہ سرکاری اجلاس اب وادی کے سیاحتی مقامات پر بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ دنیا کو ایک مثبت پیغام دیا جا سکے۔

سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پہلگام میں کابینہ اجلاس منعقد
پہلگام کے بعد اب حکومت کی جانب سے اگلا اجلاس گلمرگ میں 28 مئی کو متوقع ہے، جس میں مزید ترقیاتی اقدامات اور بین محکمانہ رابطوں پر غور کیا جائے گا۔ قبل ازیں، عمر عبداللہ نے پہلگام میں کابینہ اجلاس میں شرکت کرنے سے قبل اننت ناگ کے ڈاک بنگلو کھنہ بل میں پریس نمائندوں کے ساتھ بات چیت کی۔

عمر عبداللہ نے کی پہلگام میں کابینہ اجلاس کی صدارت