
جیولین اسٹار ارشد ندیم ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کیلئے تیار
جیولین اسٹار ارشد ندیم نے کہا ہے کہ وہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے اور ٹورنامنٹ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
ویب ڈیسک: اولمپکس کی ویب سائٹ کے مطابق جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے 26ویں ایڈیشن میں 43 ممالک کے 2 ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔
اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں کل جنوبی کوریا میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 15 منٹ پر مقابلہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے اولمپکس کے بعد یہ ان کا پہلا ٹورنامنٹ تھا، انہوں نے کہا کہ میرے لیے دعا کریں تاکہ میں فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکوں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ کا فائنل 31 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 10 منٹ پر ہو گا، انہوں نے دعا کی درخواست کی کہ وہ ’میڈل حاصل کر سکیں اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کر سکیں‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں ارشد ندیم نے ایک نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا اور پیرس میں مردوں کے جیولن فائنل میں 92.97 میٹر تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔