کھیل

ارشد ندیم نے ایک اور گولڈ میڈل کے ساتھ مداحوں کے دل جیت لیے

پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے عالمی سطح پر اپنی فتوحات کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے جنوبی کوریا میں طلائی تمغہ جیتا۔

پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم  نے نیزہ پھینکنے کی دوڑ میں اپنی شاندار کار کردگی برقرار رکھتے ہوئے جنوبی کوریا میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں 86.40 میٹر کی تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیت لیا۔ یہ پاکستان کی جانب سے اس چیمپیئن شپ میں گزشتہ 50 برسوں میں پہلا گولڈ میڈل ہے۔

ارشد ندیم نے مقابلے کی ابتدا قدرے سست انداز میں کی، ان کی پہلی دو تھروز بالترتیب 75.64 میٹر اور 76.80 میٹر رہیں۔ تاہم تیسرے راؤنڈ میں انہوں نے 85.57 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ سب پر سبقت حاصل کر لی۔ اس کے بعد ان کی اگلی دو تھروز 83.99 میٹر اور 83.44 میٹر رہیں، لیکن چھٹی اور آخری تھرو میں انہوں نے 86.40 میٹر کی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سبقت برقرار رکھی اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

یہ پاکستان کی جانب سے اس چیمپیئن شپ میں گزشتہ 50 برسوں میں پہلا گولڈ میڈل ہے
یہ پاکستان کی جانب سے اس چیمپیئن شپ میں گزشتہ 50 برسوں میں پہلا گولڈ میڈل ہےتصویر: Aleksandra Szmigiel/REUTERS

ارشد ندیم ایشین چیمپیئن شپ کا 86.72 میٹر کا ریکارڈ تو نہ توڑ سکے لیکن ان کی کارکردگی نےمداحوں کو خوب متاثر کیا۔ یاد رہے کہ ارشد ندیم پیرس 2024 اولمپکس میں 92.97 میٹر کی تھرو کے ساتھ اولمپک ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ اس مقابلے کے بعد پاکستانی میڈیا گروپ ڈان کے ساتھ ے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ نے کہا، ”یہ ایک اچھی کارکردگی تھی، خاص طور پر اس لیے کہ یہ سیزن کا ان کا پہلا مقابلہ تھا۔‘‘

میدان میں ارشد ندیم کی پہلی تھرو کے وقت شائقین کی نظریں ان پر مرکوز تھیں اور پاکستانی پرچم لہرا رہے تھے۔ اس دوران اسٹیڈیم میں ‘دل دل پاکستان‘ کی گونج بھی سنائی دی۔ واضح رہے کہ یہ ارشد ندیم کا گزشتہ سال کی پیرس اولمپکس کے بعد پہلا بین الاقوامی مقابلہ تھا۔ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں بھارت کے یش ویر سنگھ نے 82.57 میٹر کے ذاتی بہترین تھرو کے ساتھ پانچویں، چین کے ہو ہاوران نے 80.93 میٹر کی سیزن کی بہترین تھرو کے ساتھ چھٹی، سری لنکا کے سمیڈھا جگتھ رانا سنگھے نے 79.81 میٹر کے ساتھ ساتویں جبکہ پاکستان کے محمد یاسر نے 75.39 میٹر کی تھرو کے ساتھ آٹھویں پوزیشن حاصل کی۔

ارشد ندیم کی فتح، قومی پرچم کی شان میں اضافہ قرار

ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتنے پر قوم کے ہیرو ارشد ندیم کو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم کی ”محنت، لگن اور شاندار کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ”ارشد کی غیر معمولی کارکردگی کے بعد ہلالی پرچم کی شان میں مزید اضافہ ہوا ہے‘‘۔

 ارشد ندیم کو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے خراج تحسین پیش کیا
ارشد ندیم کو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے خراج تحسین پیش کیاتصویر: ARIF ALI/AFP

صدر آصف علی زرداری نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ”ارشد ندیم نے ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کیا ہے‘‘۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ایکس پر جاری بیان کے مطابق صدر زرداری نے کہا، ”چیمپیئن شپ کے دوران، خصوصاً فائنل میں، ارشد کی کارکردگی شاندار رہی‘‘۔

انہوں نے کہا: ”میں پوری قوم کو اس جیت پر مبارکباد دیتا ہوں اور ارشد ندیم کی مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے دعاگو ہوں۔‘‘

گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم نے حسب روایت سجدہ ریز ہو کر شکر ادا کیا — 28 سالہ ایتھلیٹ کی یہی عاجزی ان کے مداحوں کے دلوں کو جیت لیتی ہے، اور اب وہ ایک اور اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button