
عوام کو ریلیف سے تکلیف میں مبتلا عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں: عظمیٰ بخاری
تحریک انصاف وہ واحد جماعت ہے جو ملک کی ترقی اور عوام کو ملنے والی خوشخبری برداشت نہیں کر پا رہی
سید عاطف ندیم وائس آف جرمنی-پنجاب پریس ریلیز کے ساتھ
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حالیہ بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کیے جانے پر وہ عناصر شدید پریشان ہیں جو پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے خواب دیکھ رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ قوتیں چاہتی تھیں کہ پاکستان معاشی بدحالی کی اس نہج پر پہنچے جہاں آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہو، لیکن حکومت کی سنجیدہ کوششوں اور بہتر پالیسیوں کے باعث معیشت نے مستحکم سمت پکڑی ہے۔
ڈی جی پی آر لاہور میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف وہ واحد جماعت ہے جو ملک کی ترقی اور عوام کو ملنے والی خوشخبری برداشت نہیں کر پا رہی۔ ان کے بقول، "یہی لوگ آج ’واشنگٹن چلو‘ کے نعرے لگا رہے ہیں کیونکہ انہیں پاکستان میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی۔”
قومی اسمبلی میں مچھلی بازار، تنقید برائے تنقید کی سیاست
انہوں نے بجٹ کے موقع پر قومی اسمبلی میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے دیکھا کہ کس طرح پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ کو مچھلی بازار میں تبدیل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا طرزِ سیاست یہی ہے — نہ خود کچھ کرنا، نہ دوسروں کو کرنے دینا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کے دباؤ کے باوجود ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا، جس میں تنخواہ دار طبقے کو واضح ریلیف فراہم کیا گیا۔ "ٹیکس بوجھ میں کمی حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا مظہر ہے، اور اس پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔”
عوامی خدمت پر فخر، مریم نواز کی قیادت عوامی اعتماد کی علامت
شرجیل میمن کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب ہیں، اور یہ پورے ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔
انہوں نے کہا، "مریم نواز نے عاجزی اور خدمت کو اپنا طرزِ عمل بنایا ہے، یہی ان کی مقبولیت کی اصل وجہ ہے۔ سندھ میں بیٹھے متکبر عناصر کو مریم نواز کی کارکردگی سے سبق لینا چاہیے۔ کراچی کا کچرا تو صاف کریں، پھر پنجاب پر بات کریں۔”
پنجاب کی مثالی کارکردگی، صفائی، بلدیاتی نظام اور معیشت میں بہتری
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اس موقع پر بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے تین دنوں میں پنجاب بھر سے 3 لاکھ 15 ہزار 669 آلائشیں بروقت اور صاف طریقے سے ٹھکانے لگائی گئیں، جبکہ مویشی منڈیوں کے مثالی انتظامات کے تحت دس روزہ مدت میں بارہ ہزار سے زائد شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام کو آؤٹ سورس کرنے پر ابتدا میں تنقید ہوئی، لیکن حکومت نے ناقص کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کو فوری نوٹسز جاری کیے اور سخت نگرانی کی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور اسٹاک مارکیٹ کے مسلسل نئے ریکارڈز اس اعتماد کا عملی مظاہرہ ہیں۔ "یہ سب کچھ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی کامیابی اور عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا نتیجہ ہے۔”
پارلیمنٹیرینز کی تنخواہوں پر تنقید، مگر حقائق کچھ اور ہیں
پارلیمنٹیرینز کی تنخواہوں پر اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ تنخواہ نہیں لیتے، اور پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں کئی سال سے اضافہ نہیں ہوا۔ "ہم جیسے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندے سیاست کرتے ہیں، تو کیا ہمیں بھی کاروبار شروع کر دینا چاہیے؟”
تحریک انصاف صرف یوٹیوبرز اور شور کی جماعت بن چکی ہے
انہوں نے کہا کہ سمبڑیال میں پی ٹی آئی کی شکست کے بعد گوہر ایوب نے بہانہ بنایا کہ انہوں نے انتخابی مہم ہی نہیں چلائی۔ "یہی حقیقت ہے — یہ لوگ صرف شور مچانے میں ماہر ہیں، میدانِ عمل میں ان کا کوئی وجود نہیں۔”
انہوں نے ’فیلڈ مارشل‘ کے امریکا دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "یاد رکھیں، عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے — اور اللہ نے ہماری قیادت کو عزت سے نوازا ہے۔”
ن لیگ کا بلدیاتی نظام عوامی خدمت کا مظہر رہا ہے
آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) ماضی میں بھی پنجاب میں مؤثر بلدیاتی نظام قائم کر چکی ہے اور اب بھی عوامی فلاح کے لیے ایسا ہی مضبوط نظام لایا جائے گا۔