بین الاقوامی

جنرل محمد پاکپور کا اعلان: "عنقریب صیہونی حکومت پر جہنم کے دروازے کھول دیئے جائیں گے”

میں اس امانت کو، جو آپ نے میرے سپرد کی ہے، شہداء کے خون کے احترام اور انقلاب اسلامی کے دفاع کی نیت سے قبول کرتا ہوں

تہران(ارنا):پاسداران انقلاب اسلامی کے نئے کمانڈر انچیف، میجر جنرل محمد پاکپور نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے نام ایک باضابطہ مکتوب میں صیہونی حکومت کو سنگین نتائج کی وارننگ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ "عنقریب بچوں کی قاتل غاصب صیہونی حکومت پر جہنم کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔”
یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب اسلامی جمہوریہ ایران حالیہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اپنے کئی اعلیٰ فوجی کمانڈروں، ایٹمی سائنسدانوں اور عام شہریوں کی شہادت کے سوگ میں ہے۔ ایران کی مسلح افواج نے قومی سلامتی پر ہونے والے اس حملے کو کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کے نام مکتوب کا متن
جنرل پاکپور نے اپنے مکتوب میں رہبر انقلاب اسلامی سے مخاطب ہو کر کہا:”جرائم پیشہ صیہونی حکومت کی جارحیت میں، ہمارے سینئر کمانڈروں، عظیم سائنسدانوں، اور معصوم عورتوں و بچوں کی شہادت پر تعزیت اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں اس امانت کو، جو آپ نے میرے سپرد کی ہے، شہداء کے خون کے احترام اور انقلاب اسلامی کے دفاع کی نیت سے قبول کرتا ہوں۔”
انہوں نے واضح کیا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، فوج، اور دیگر مسلح افواج مل کر دشمن کو سخت اور ناقابل فراموش انجام تک پہنچائیں گے:”دہشت گرد صیہونی حکومت نے اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کے خلاف جو جارحیت کی ہے، وہ بغیر جواب کے نہیں رہے گی۔ جناب عالی کی بصیرت افروز قیادت اور مجاہدین کی قربانیوں سے ہم اس حکومت کو اس کے ظلم کا دردناک انجام دکھائیں گے۔”
سیاسی و عسکری پس منظر
میجر جنرل محمد پاکپور کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران شدید سیاسی و عسکری بحران سے دوچار ہے۔ اسرائیلی فضائی حملوں میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری، سپاہ پاسداران کے سابق کمانڈر جنرل حسین سلامی اور چھ ایٹمی سائنسدان شہید ہو چکے ہیں۔ ان واقعات نے ایران کے اندر اور بین الاقوامی سطح پر شدید ردعمل کو جنم دیا ہے۔
ایران کی سیاسی قیادت واضح کر چکی ہے کہ اسرائیل کے اس حملے کو "اعلان جنگ” تصور کیا جائے گا، اور جوابی کارروائی کے لیے بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔
سپاہ پاسداران کے نئے کمانڈر کا عزم
جنرل پاکپور نے اپنے مکتوب میں اس بات پر زور دیا کہ ایران کی مسلح افواج اور انقلابی قوتیں، ملک کی سلامتی اور انقلاب اسلامی کے تحفظ کے لیے متحد ہیں:”ہم اپنے شہداء کے خون کا بدلہ لیں گے، اور اس دہشت گرد صیہونی حکومت پر جہنم کے دروازے کھول دیں گے۔ خدا کی مدد اور آپ کی رہنمائی سے، ہم دشمن کو اس کے ہر جرم کی قیمت چکائیں گے۔”
عالمی برداری کی خاموشی پر تشویش
ایرانی حکام کی جانب سے بین الاقوامی اداروں، خصوصاً اقوام متحدہ اور آئی اے ای اے، کی خاموشی پر بھی شدید تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ ان اداروں کی جانب سے دوہرا معیار اپنایا جا رہا ہے، جس سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔
خطے میں ممکنہ کشیدگی کا نیا مرحلہ
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ جنرل پاکپور کی تقرری اور ان کے تازہ ترین بیانات نہ صرف ایران کی جوابی حکمت عملی کی شدت کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ خطے کو ایک کھلی جنگ کی جانب لے جا سکتے ہیں۔ اسرائیل، امریکہ اور خلیجی ریاستیں صورتِ حال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button