مشرق وسطیٰ

پاکستان کی اقوام متحدہ میں اسرائیل کی ایران پر جارحیت کی شدید مذمت

اسرائیل کا حملہ نہ صرف جمہوریہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کے بھی منافی ہے

نیویارک (نمائندہ خصوصی) — اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حالیہ فضائی حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے "بلاجواز اور غیرقانونی جارحیت” قرار دیا ہے۔
یہ مذمتی بیان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس میں دیا گیا جو مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور ایران پر اسرائیلی حملے کے تناظر میں بلایا گیا تھا۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ اسرائیل کا حملہ نہ صرف جمہوریہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کے بھی منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کھلی اشتعال انگیزی خطے کے امن و سلامتی کے ساتھ ساتھ عالمی استحکام کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔
پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، اور پاکستان اس نازک موقع پر ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے اسرائیلی حملے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف انسانی المیہ جنم دیتے ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی کو بھی ہوا دیتے ہیں۔
جمعے کی علی الصبح اسرائیل نے ایران کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے کیے جن میں فوجی اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ سمیت کئی اعلیٰ عہدیداران اور سائنسدان ہلاک ہو گئے۔ جواباً، ایران نے جمعے کی رات کو اسرائیل پر میزائل حملہ کیا، جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی اور کئی عمارتیں متاثر ہوئیں۔
پاکستان کی جانب سے اس دو طرفہ کشیدگی کے دوران واضح اور متوازن موقف سامنے آنا عالمی برادری کو اس بحران کے پرامن حل کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button