
اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مسلم دنیا متحد نہ ہوئی اور اپنے ایجنڈے کے تحت اپنے مفادات کا تحفظ کرتی رہی تو سب کی باری آئے گی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ اسرائیل فلسطین کی تباہی میں ملوث ہے، اسرائیل کے ہاتھ فلسطینیوں کے خون میں رنگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا ہمسایہ برادر ملک ہے، ہمارے ایران کے ساتھ ایسے رشتے ہیں جس کی تاریخ میں کم مثال ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایران، فلسطین اور یمن کو ٹارگٹ بنایا ہوا ہے،فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے اور مسلمان ممالک مل کر ایسی اسٹریٹجی بنائیں جس سے اسرائیل کا مقابلہ کیا جا سکے۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ جس طرح فلسطین میں بچوں کو شہید کیا گیا اور مظالم ڈھائے گئے، اسلامی ممالک سے موثر آواز نہیں اٹھ رہی، غیر مسلموں کے ضمیر جاگ رہے ہیں لیکن مسلمانوں کے نہیں، مسلم دنیا کے کچھ ممالک کے اسرائیل سے تعلقات ہیں، وہ تعلقات منقطع کردیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھارت نے ہم پر حملہ کیا تو ہم نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو مٹی میں رول دیا۔ کل ایران میں ان کی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، اس میں اسرائیل اکیلا نہیں ہے اسے ہر قسم کا کور فراہم کیا گیا۔
خواجہ آصف نے زور دیا کہ ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جس سے عالم اسلام کا اتحاد نظر آئے، اسلامی دنیا میں جہاں جہاں اسرائیل کے ساتھ تعلقات ہیں ان کو منقطع ہونا چاہیے۔