پاکستاناہم خبریں

وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جارحیت روکنے اور فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کریں

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آج شام اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فون پر اہم گفتگو کی، جس میں انہوں نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایران کی حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، اسرائیل کی بلااشتعال اور بلاجواز کارروائیوں کو بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی سمجھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدر پیزشکیان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایران کے لیے پاکستان کی حمایت کو دہرایا اور کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں اپنے برادر ملک کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے اسرائیل کی اشتعال انگیزی اور مہم جوئی کو خطے اور دنیا کے امن و استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو اس غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی وحشیانہ نسل کشی اور مسلسل جارحانہ کارروائیوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جارحیت روکنے اور فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان نے اس موقع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے حق میں آواز بلند کرنے اور مشکل وقت میں یکجہتی کے اظہار پر پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔
صدر پیزشکیان نے اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی پر ایران کے موقف سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور اسلامی دنیا پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر ان خطرات کا مقابلہ کرے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے جاری رکھنے اور علاقائی امن کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button