پاکستان

پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام دفاع کے لیے ہے: اسرائیل پر حملے سے متعلق خبروں کی تردید

حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اس نوعیت کی غیر ذمہ دارانہ خبریں اور تبصرے نہ صرف عوام کو گمراہ کرتے ہیں بلکہ پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ اور قومی مفادات کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) — نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے ملک بھر میں پھیلنے والی جھوٹی اور گمراہ کن خبروں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اسرائیل پر ایٹمی حملے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا، اور ایسی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد، من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسی جھوٹی اطلاعات نہ صرف قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔ اسحٰق ڈار نے سینیٹ کے اجلاس میں کہا:”سوشل میڈیا پر مختلف بھارتی پروپیگنڈا اکاؤنٹس سے منظم طریقے سے جھوٹی خبریں اور گمراہ کن کلپس پھیلائے جا رہے ہیں۔ اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کا 2011 کا پرانا کلپ بغیر سیاق و سباق کے وائرل کیا گیا۔ اس کے علاوہ سابق امریکی صدر ٹرمپ کا ایک جعلی کلپ بھی چلایا گیا، اور ہمارے وزیر دفاع خواجہ آصف سے منسوب ایک جعلی بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔”
اسحٰق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر الرٹ اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا:”اگر اسرائیل پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کا سوچے گا بھی، تو اُسے ہماری قوت اور تیاری کا اندازہ ہو جائے گا۔”وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران پر اسرائیل کے حالیہ حملے کے بعد پاکستان نے بھرپور اور واضح مؤقف اختیار کیا ہے، اور ایرانی وزیر خارجہ سے براہ راست ٹیلی فونک رابطہ کر کے یکجہتی کا اظہار کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں جنگ نہیں، امن اور سفارت کاری کے اصول پر کاربند ہے۔
نائب وزیراعظم نے پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق بے بنیاد دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے زور دیا:”پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے۔ ہمارا ایٹمی اور میزائل پروگرام صرف ملک کے دفاع، علاقائی استحکام اور پرامن مقاصد کے لیے ہے۔ ہم ایٹمی ہتھیاروں کو کبھی جارحیت کے لیے استعمال نہیں کریں گے۔ پاکستان ہمیشہ سے مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل پر یقین رکھتا ہے۔”
انہوں نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی جعلی ویڈیوز اور بیانات عوام کو گمراہ کرتے ہیں، اور قومی مفادات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ تصدیق شدہ معلومات پر اعتماد کریں اور غیر ذمہ دارانہ تبصروں سے گریز کریں۔
اسحٰق ڈار نے سینیٹ سے خطاب کے اختتام پر کہا:”ہم سب کو مل کر اس حساس وقت میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے۔ جھوٹی اور من گھڑت معلومات کے خلاف متحد ہو کر قومی بیانیے کا دفاع کرنا ہوگا۔”

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button