
لاہور پولیس اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا ڈکیت گینگ کے خلاف مشترکہ آپریشن
سیف سٹی ٹیم کی نشاندہی پر ٹاؤن شپ پولیس نے 2 رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا ملزمان کے قبضے سے5 عدد چوری شدہ موٹرسائیکلیں، نقدی اور پستول برآمد لاہور پولیس ڈکیت گینگز کے خلاف سیف سٹی کے ساتھ مل کر ٹارگٹڈ آپریشن کر رہی ہے، ایس پی ارسلان زاہد
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):لاہور پولیس اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے مشترکہ آپریشن کاسلسلہ جاری رکھتے ہوئے 2رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سیف سٹی ٹیم کی نشاندہی پر ٹاؤن شپ پولیس نے 2 رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کیا۔ پولیس آپریشن میں سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے5 عدد چوری شدہ موٹرسائیکلیں، نقدی اور پستول برآمد کر لیا گیا۔ ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے ضابطے کے مطابق مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایس پی ارسلان زاہد کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش ملزمان نے لاہور کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ لاہور پولیس ڈکیت گینگز کے خلاف سیف سٹی کے ساتھ مل کر ٹارگٹڈ آپریشن کر رہی ہے۔ جرائم کی سرکوبی کے لیے سیف سٹی کیمرے مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔ شہری اپنے اردگرد کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع 15 پر دیں۔