پاکستاناہم خبریں

صدر مملکت آصف علی زرداری کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ — "معرکہ حق” میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا، بھارتی جارحیت پر بھرپور دفاع پر مبارکباد

پاک بحریہ نے جس بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم و حوصلے کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ‘معرکہ حق’ میں دشمن کی جارحیت کے خلاف جس جرات اور حکمت عملی کے ساتھ دفاع کیا گیا

سید عاطف ندیم-پاکستان، وائس آف جرمنی کے ساتھ

صدر مملکت آصف علی زرداری نے آج نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا خصوصی دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کیا۔ صدر مملکت کے اعزاز میں پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جب کہ انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھاتے ہوئے مادر وطن کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے صدر مملکت کو موجودہ میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال اور علاقائی خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر کو پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، جدید آلات سے لیس جنگی صلاحیتوں اور سمندری حدود کے تحفظ کے لیے جاری آپریشنز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
صدر مملکت کو خاص طور پر حالیہ دنوں میں دشمن کی جارحیت کے جواب میں کیے گئے آپریشن "معرکۂ حق” کے دوران پاک بحریہ کی کامیاب حکمت عملی، بروقت ردعمل اور پیشہ ورانہ عزم سے متعلق تفصیلات فراہم کی گئیں۔
صدر آصف علی زرداری نے پاک بحریہ کے بھرپور اور مؤثر دفاعی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ:”پاک بحریہ نے جس بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم و حوصلے کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ‘معرکہ حق’ میں دشمن کی جارحیت کے خلاف جس جرات اور حکمت عملی کے ساتھ دفاع کیا گیا، وہ نہ صرف ایک شاندار عسکری کامیابی ہے بلکہ پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔”
صدر مملکت نے بھارتی جارحیت کے خلاف کامیابی سے دفاع کرنے پر پاک بحریہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور کہا کہ سمندری سرحدوں کی حفاظت میں پاک بحریہ کا کردار ہر اول دستے کی حیثیت رکھتا ہے۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے صدر مملکت کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ:”پاک بحریہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی، سمندری سرحدوں کے تحفظ اور قومی بحری مفادات کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ ہم دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے چوکس اور پرعزم ہیں۔”
ایڈمرل نوید اشرف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ نہ صرف پاکستان کے سمندری مفادات بلکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے بھی کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ نہ صرف افواج پاکستان کے درمیان یکجہتی کا مظہر ہے بلکہ یہ اس عزم کا اظہار بھی ہے کہ پاکستان کی بحری سرحدوں کا دفاع ہر قیمت پر کیا جائے گا۔ "معرکہ حق” جیسے آپریشنز میں پاک بحریہ کی جرات مندانہ کارکردگی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button