پاکستان پریس ریلیز

پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ثقافتی اور تاریخی شعور اجاگر کرنے کا منفرد اقدام۔

پاکستان بالخصوص پنجاب کی ہینڈی کرافٹس دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ دستکاری کے فن کی ترویج کے لیے دستکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی کے ساتھ
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے آج پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں قائم کی جانے والی سووینئر و ہینڈی کرافٹس شاپ کا افتتاح کر دیا۔ یہ شاپ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد پنجاب کی ثقافتی ورثے، مقامی دستکاریوں اور اسمبلی کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین، صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن اور ذیشان رفیق بھی سپیکر کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر اراکین پنجاب اسمبلی اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے افسران کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے شاپ کے افتتاح کے بعد صوبائی وزراء کے ہمراہ ہینڈی کرافٹس شاپ کا معائنہ کیا اور وہاں رکھی گئی اعلیٰ معیار کی دستکاری اشیاء کو سراہا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ سووینئر شاپ اسمبلی کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے اور وزٹرز و طلباء کو اسمبلی کی ثقافت سے جوڑنے کا نیا اور مؤثر ذریعہ ہے۔سپیکر نے اس اقدام کو چوہدری شافع حسین کا ”شاندار کارنامہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی عمارت میں ہینڈی کرافٹس شاپ کا قیام نہ صرف ایک خوش آئند اقدام ہے بلکہ یہ اسمبلی اور عوام کے درمیان تعلق کو مضبوط بنائے گا۔ شاپ کی اپ گریڈیشن کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان بالخصوص پنجاب کی ہینڈی کرافٹس دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ دستکاری کے فن کی ترویج کے لیے دستکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں تاریخ کی پہلی شاپ کا قیام ایک سنگ میل ہے جو مقامی صنعت و ثقافت کو فروغ دے گا۔تقریب کے اختتام پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے اس شاپ کے قیام میں کردار ادا کرنے والی ٹیم کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ یہ اقدام پنجاب اسمبلی کے وقار اور مقبولیت میں مزید اضافہ کرے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button