
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔
منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بدلتی ہوئی صورتحال پر بات چیت کے لیے سعودی عرب کے سفیر سے ملاقات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے برادر عوام کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا، ’پاکستان سفارتکاری اور ڈائیلاگ کے ذریعے علاقے میں امن کے لیے مملکت سعودی عرب کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔‘
میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک اور پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ قطر کے سفیر سے ملاقات میں برارد عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیرعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مؤقف اپنایا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے بات چیت اور سفارتکاری ہی واحد حل ہے۔