پاکستان پریس ریلیز

انسدادِ منشیات کے عالمی دن کے موقع پر ANF پنجاب کے زیر اہتمام لاہور میں خصوصی تقریب، منشیات کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

ANF نہ صرف ایک قانون نافذ کرنے والا ادارہ ہے بلکہ ایک سماجی تحریک کا علمبردار بھی ہے

لاہور (سید عاطف ندیم-پاکستان): انسدادِ منشیات کے عالمی دن کے موقع پر اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) ریجنل ڈائریکٹوریٹ پنجاب کے زیرِ اہتمام الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد معاشرے میں منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنا اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے اجتماعی جدوجہد کی اہمیت کو اُجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر معاشرے کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات، سول سوسائٹی، طلبہ، اساتذہ، قومی کھلاڑیوں، اور ANF کے شہداء کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس، میجر جنرل عبدالمعید (ہلالِ امتیاز ملٹری) تھے، جنہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ANF کی منشیات کے خلاف جاری مہمات، قربانیوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے معاشرے خصوصاً نوجوانوں کو اس لعنت سے بچانے کے لیے عوامی کردار اور والدین کی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب کا آغاز ریجنل ڈائریکٹر ANF پنجاب کی جانب سے خوش آمدیدی کلمات اور ANF کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ سے ہوا، جس میں منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام، گرفتاریوں، ضبط شدہ منشیات کی تفصیلات اور آگاہی مہمات کا احاطہ کیا گیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ANF نہ صرف ایک قانون نافذ کرنے والا ادارہ ہے بلکہ ایک سماجی تحریک کا علمبردار بھی ہے، جو نوجوان نسل کو تباہی سے بچانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔
تقریب میں ممتاز سماجی رہنما ڈاکٹر امجد ثاقب، سابق مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مثبت سرگرمیوں میں صرف کریں، کیونکہ یہی نسل ملک کا مستقبل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ منشیات کے خلاف متحد ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
اس موقع پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلبہ نے ایک سبق آموز ڈرامائی خاکہ پیش کیا جس میں منشیات کے نقصانات اور ان سے بچاؤ کے طریقے اجاگر کیے گئے۔ معروف نوجوان گلوکار فراز بٹ نے ملی نغمہ پیش کر کے شرکاء کے دل جیت لیے اور فضا کو حب الوطنی سے بھر دیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ناصر بیگ اور منیزے معین نے انجام دیے۔
تقریب کے اختتام پر ایک قرارداد کے ذریعے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نہ صرف خود منشیات سے دور رہیں گے بلکہ اپنے اردگرد کے ماحول کو بھی اس ناسور سے پاک کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس عزم کے ساتھ کہ ایک صحت مند، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تشکیل میں ہر فرد اپنا حصہ ڈالے گا۔
علاوہ ازیں، انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر ANF پنجاب کی جانب سے لاہور میں ایک اور باوقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ANF کے شہداء اور اُن کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے دوران شہداء کی قربانیوں کو سراہا گیا اور ان کے لواحقین کے حوصلے کو سلام پیش کیا گیا۔
یہ تقاریب اس بات کا ثبوت ہیں کہ ANF اپنی قومی ذمہ داری کو بھرپور انداز میں نبھا رہا ہے اور معاشرتی شعور کی بیداری کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ منشیات کے خلاف اس جدوجہد میں پوری قوم کو یکجا ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ایک ایسا پاکستان تشکیل دے سکیں جہاں ہماری نسلیں صحت مند، تعلیم یافتہ اور محفوظ ہوں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button