
نیوز ڈیسک اسلام آباد:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
اپنے بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسزکے 13 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔ شہداء قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔ فتنہ الہندوستان کے 14 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سکیورٹی فورسز کے جری جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان قوم کا فخر ہیں۔ شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور قوم انمٹ قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ قوم شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ سے مقروض ہے اور مقروض رہے گی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نےشہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ شہدائے وطن کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔