
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا جاپان میں اہم دورہ: عالمی شہرت یافتہ کمپنی موریناگا کو پنجاب میں ڈیری، خوراک اور گوشت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت
ہم موریناگا کے تجربات کو پنجاب کے ڈیری شعبے میں ترقی کا ماڈل بنانا چاہتے ہیں۔
ٹوکیو خصوصی ںمائندہ:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے حالیہ جاپان کے دورے کے دوران بین الاقوامی سطح پر معروف جاپانی کمپنی "موریناگا” کو صوبہ پنجاب میں ڈیری، بچوں کی غذائی مصنوعات، بیکری آئٹمز اور برآمدی معیار کے گوشت کی مقامی پیداوار میں سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد پنجاب میں زرعی، لائیوسٹاک اور خوراک سے متعلقہ شعبہ جات کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور بین الاقوامی معیار کے مطابق پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
موریناگا کے ہیڈکوارٹر اور پلانٹ کا دورہ
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپان کے شہر ٹوکیو میں موریناگا کمپنی کے ہیڈکوارٹر اور جدید ترین پلانٹ کا دورہ کیا، جہاں انہیں کمپنی کے مختلف شعبہ جات، خاص طور پر تحقیق و ترقی (R&D)، ڈیری پراسیسنگ، بیکری مصنوعات اور بچوں کی غذائی اشیاء کی تیاری کے مراحل سے تفصیلی آگاہی دی گئی۔ کمپنی کی جانب سے انہیں ایک جامع بریفنگ دی گئی جس میں موریناگا کے عالمی تجربات، تکنیکی مہارت اور مستقبل کی سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے موریناگا کی تحقیق، جدت اور کاروباری وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ "ہم موریناگا کے تجربات کو پنجاب کے ڈیری شعبے میں ترقی کا ماڈل بنانا چاہتے ہیں۔ یہ شراکت داری نہ صرف تکنیکی منتقلی کا ذریعہ بنے گی بلکہ لاکھوں کسانوں اور لائیوسٹاک سے وابستہ افراد کی زندگیوں میں بہتری کا سبب بھی بنے گی۔”
سرمایہ کاری کی نئی راہیں: بچوں کی غذائی اشیاء، بیکری مصنوعات اور معیاری گوشت کی تیاری
وزیراعلیٰ نے موریناگا کو صرف ڈیری مصنوعات ہی نہیں بلکہ بچوں کی فارمولا دودھ، بیکری آئٹمز اور اعلیٰ معیار کے گوشت کی مقامی پیداوار جیسے منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں بچوں کی نشوونما کے لیے معیاری خوراک کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ "ایک ماں کی حیثیت سے، میرے لیے بچوں کی صحت، خوراک اور نشوونما انتہائی اہم ہیں”، وزیراعلیٰ نے زور دیتے ہوئے کہا۔
جاپانی مشینری، جدید طریقے اور افزائش نسل
اس موقع پر حیوانات کے شعبے میں جدید جاپانی مشینری کے استعمال، جانوروں کی افزائش نسل، اور گوشت کی کوالٹی بڑھانے سے متعلق اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ جاپانی کمپنی اور پنجاب حکومت کے درمیان اس حوالے سے تکنیکی تعاون پر اصولی اتفاق کیا گیا تاکہ صحت مند جانوروں کی افزائش ممکن ہو اور پاکستان میں برآمدی معیار کا گوشت تیار کیا جا سکے۔
ڈیری سیکٹر کی موجودہ صورتحال اور موریناگا کی اہمیت
پاکستان دنیا بھر میں دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے جبکہ پنجاب اس مجموعی پیداوار میں 60 فیصد حصہ رکھتا ہے۔ تاہم، پنجاب میں ڈیری کی 80 فیصد پیداوار اب بھی روایتی اور قدیم طریقوں سے کی جاتی ہے جس سے معیار اور مقدار دونوں متاثر ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ "موریناگا کی شراکت داری پنجاب کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔ ہم ڈیری ڈویلپمنٹ اور ایڈوانس پروٹین نیٹ ورک کے قیام کے لیے جاپانی کمپنیوں کا خیرمقدم کریں گے۔”
شیخوپورہ میں جاری سرمایہ کاری: ایک فلیگ شپ شراکت داری
وزیراعلیٰ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ موریناگا پہلے ہی 2017 میں، اس وقت کے وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے دور میں، شیخوپورہ میں سرمایہ کاری کر چکی ہے۔ اب یہ شراکت داری مزید وسعت اختیار کر رہی ہے جو کہ پنجاب اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی ایک فلیگ شپ مثال بن چکی ہے۔
سماجی و معاشی فوائد
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر زور دیا کہ موریناگا کی توسیعی سرمایہ کاری سے پنجاب کی معیشت کو کئی سطحوں پر فائدہ پہنچے گا۔ "پنجاب کی 63 فیصد آبادی زراعت اور لائیوسٹاک سے وابستہ ہے۔ اس شراکت داری سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ جدید تربیت اور نئی مہارتوں کی منتقلی بھی ہوگی۔”
حکومت کی یقین دہانی
پنجاب حکومت کی جانب سے موریناگا کو مکمل سہولیات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نہ صرف کمپنی کو سرمایہ کاری میں معاونت فراہم کرے گی بلکہ زمین، انفراسٹرکچر، لیبر اور مقامی تعاون کے شعبوں میں بھی مکمل معاونت کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا جاپان کا دورہ پنجاب کے ڈیری، خوراک اور زرعی شعبوں کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ بین الاقوامی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے نہ صرف معاشی ترقی کی راہیں کھلیں گی بلکہ پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہونے کے قابل ہو گا۔



