
ملتان (نامہ نگار)
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر برائے لیبر و سپورٹس فیصل ایوب کھوکھر نے ملتان کا ایک روزہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے دوران کیے جانے والے سیکیورٹی و سہولتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں ڈویژن اور اضلاع کی انتظامیہ، پولیس افسران اور منتخب عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں کمشنر ملتان عامر کریم خاں، آر پی او کیپٹن (ر) سہیل چوہدری، ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو، سی پی او صادق علی ڈوگر، اراکین صوبائی اسمبلی سلمان نعیم، واصف مظہر راں، ملک لعل محمد جوئیہ، کامران عبداللہ مڑل سمیت تمام ڈویژنل ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران شریک تھے۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر سیکیورٹی، صفائی، سایہ دار مقامات کی فراہمی، نکاسی آب، موبائل واش رومز، کلینک آن وہیلز، سبیلیں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ فیصل ایوب کھوکھر نے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تمام جلوسوں کے روٹس کی مکمل انسپکشن، سکریننگ اور جیوٹیگنگ کی جائے اور کنٹرول روم کے ذریعے ہر لمحہ کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان ڈویژن میں محرم الحرام کے دوران مجموعی طور پر 3182 مجالس اور 909 جلوس نکالے جائیں گے جن کی سیکیورٹی کے لیے 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور 3 ہزار سے زائد رضاکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے 63 علما اور ذاکرین کی ضلع بندی جبکہ 83 کی زبان بندی کے احکامات بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لیے 180 سے زائد کیمرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ سیکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
صوبائی وزیر نے بعدازاں ڈی سی آفس ملتان میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے آن لائن مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے مختلف علاقوں میں جاری جلوسوں کی نگرانی کی۔ فیصل ایوب کھوکھر نے امام بارگاہ شاہ شمس کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ لائسنس داران اور منتظمین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق صوبائی حکومت جذبۂ خدمت کے تحت عزاداروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ صرف دفتروں تک محدود نہیں بلکہ عزاداروں کی دہلیز تک جا کر ان کے مسائل حل کر رہی ہے۔ فیصل ایوب کھوکھر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بارش کی صورت میں فوری نکاسی آب اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملہ ہمہ وقت تیار رکھا جائے۔
آر پی او کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے اجلاس کو بتایا کہ محرم الحرام کے موقع پر سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کا مذہبی منافرت پر مبنی مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر ونگ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ایسے عناصر کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ امن و امان کو کسی صورت متاثر نہ ہونے دیا جائے۔
اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ کی تیاریوں اور سنجیدہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب امن و امان کے قیام اور شہریوں کی سہولت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری کے دوران شہریوں کو ہر ممکن تحفظ اور سہولت فراہم کی جائے گی اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔