پاکستان پریس ریلیز

پاکستان پنجاب میں چھٹے محرم الحرام کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات، پولیس کی موثر کارروائیاں، متعدد جرائم پیشہ گرفتار

اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے، زائرین کی گاڑیوں کو مناسب فاصلے پر پارک کرانے، اور ہر ممکن حفاظتی اقدامات کو بروئے کار لانے کا حکم دیا گیا

سید عاطف ندیم-پاکستان، وائس آف جرمنی
صوبائی دارالحکومت لاہور میں چھٹے محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے تاکہ شہر میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔ لاہور پولیس کی جانب سے مختلف ڈویژنز میں عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لیے چار ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر میں مجموعی طور پر 56 جلوس اور 425 مجالس کا انعقاد ہوا جن کی مکمل سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا۔ مختلف ڈویژنز میں سکیورٹی کی تفصیل درج ذیل ہے:
سٹی ڈویژن: 20 جلوس، 102 مجالس
کینٹ ڈویژن: 7 جلوس، 58 مجالس
سول لائنز: 11 جلوس، 44 مجالس
اقبال ٹاؤن: 10 جلوس، 87 مجالس
صدر ڈویژن: 6 جلوس، 66 مجالس
ماڈل ٹاؤن: 2 جلوس، 68 مجالس
خواتین زائرین کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار اور خواتین رضا کاروں کی خدمات حاصل کی گئیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا خصوصی پیغام
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت جاری کی کہ وہ جلوسوں کے راستوں اور اردگرد کے علاقوں میں مشکوک سرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں۔ اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے، زائرین کی گاڑیوں کو مناسب فاصلے پر پارک کرانے، اور ہر ممکن حفاظتی اقدامات کو بروئے کار لانے کا حکم دیا گیا۔
ایس پی سٹی بلال احمد کا سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
ایس پی سٹی بلال احمد نے چھٹے محرم کے موقع پر شہر کی اہم مجالس اور جلوسوں کا سکیورٹی جائزہ لیا۔ انہوں نے امام بارگاہ عطیہ اہل بیت نولکھا، پانڈو اسٹریٹ، اور ٹبی سٹی میں علم پروسیشن کے روٹس کا معائنہ کیا اور منتظمین سے ملاقات کر کے حکومتی احکامات سے آگاہ کیا۔
جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کی کامیاب کارروائیاں
سکیورٹی کے ساتھ ساتھ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی مؤثر کارروائیاں جاری رکھیں:
شاہدرہ پولیس کی کارروائی:
چوکی سگیاں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی موٹر سائیکل چور گینگ کے ارکان زبیر اور شکیل کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضہ سے 3 موٹر سائیکلیں اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔
ماڈل ٹاؤن ڈویژن:
چوکی ہلوکی کاہنہ پولیس نے شادی ہال میں نقب زنی کرنے والے 3 رکنی گینگ کو گرفتار کیا، جن میں چاند، بابر اور شان شامل ہیں۔ ملزمان نے ڈیفنس روڈ کے ایک شادی ہال سے 5 اے سی چلر اور 2 ڈیفریزر چوری کیے تھے، جو پولیس نے برآمد کر لیے۔
کینٹ ڈویژن:
ایس پی کینٹ کیپٹن (ر) قاضی علی رضا کی ہدایت پر ہڈیارہ پولیس نے کمیونٹی پولیسنگ کی مثال قائم کرتے ہوئے لاپتہ 8 سالہ بچے معیز کو چند گھنٹوں میں بازیاب کرا کر والدین سے ملا دیا۔ علاوہ ازیں، ایس پی کینٹ کی کھلی کچہریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جہاں عوامی مسائل سنے جا رہے ہیں۔
اقبال ٹاؤن پولیس:
شیرا کوٹ پولیس نے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث دو خطرناک ملزمان سجیل اور علی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 7 موٹر سائیکلیں اور اسلحہ و گولیاں برآمد کیں۔
ڈولفن اسکواڈ:
ڈولفن ٹیم نے لاری اڈہ کے علاقے سے موبائل چوری کرنے والے نوید اور علی کو گرفتار کیا۔ ملزمان پبلک ٹرانسپورٹ میں آنے والے مسافروں کے موبائل چراتے تھے۔ ان کے قبضے سے 2 قیمتی موبائل فون برآمد ہوئے۔
کسٹم کے دائرہ کار میں کارروائی:
موبائل اسکواڈ نے ناکہ اولڈ راوی پر چیکنگ کے دوران ایک مشکوک رکشہ سے 500 پیکٹ نان کسٹم سگریٹ، 300 کلو گٹکا اور سپاری برآمد کی۔ ملزم حمزہ کو کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
چھٹے محرم الحرام کے موقع پر لاہور پولیس نے جہاں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے، وہیں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں کر کے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا۔ پولیس اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جلوسوں کے دوران چیکنگ پوائنٹس پر سیکیورٹی عملے سے مکمل تعاون کریں تاکہ پرامن اور محفوظ ماحول قائم رکھا جا سکے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button