بین الاقوامی

صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور/ پردھان پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی رمیش سنگھ اروڑہ کی شرکت

"آپ آزاد ہیں، آپ آزاد ہیں اپنے مندروں میں جانے کے لیے، آپ آزاد ہیں مسجدوں یا کسی اور عبادت گاہ میں جانے کے لیے۔

خصوصی نمائندہ وائس آف جرمنی
برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ (APPG) برائے برٹش سکھ کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں پاکستان کے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور/ پردھان پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی (PSGPC) سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور خصوصی بین الاقوامی مہمان شرکت کی۔
تقریب کے دوران "UK Gurdwara Alliance” کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا گیا، جو برطانیہ بھر کے 200 سے زائد گردواروں کی نمائندہ ایک تاریخی تنظیم ہے۔ اس اتحاد کا مقصد حکومتی اداروں اور مقامی سکھ برادری کے درمیان مؤثر رابطہ اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا ۔
اپنے خطاب میں سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے APPG اور UK Gurdwara Alliance کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان میں اقلیتوں کے لیے مذہبی آزادی کی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کی تاریخی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان میں مذہبی اقلیتیں مکمل آزاد ہیں جیسا کہ قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ
"آپ آزاد ہیں، آپ آزاد ہیں اپنے مندروں میں جانے کے لیے، آپ آزاد ہیں مسجدوں یا کسی اور عبادت گاہ میں جانے کے لیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل آزادی حاصل ہے اور سکھ برادری کو ہمیشہ عزت و وقار کے ساتھ برابری کے حقوق دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے جدید ویزا پالیسی متعارف کرائی ہے جس کے تحت 126 ممالک بشمول برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا کے شہری آن لائن ویزا کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے کرتارپور راہداری کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ 5000 یاتریوں کو بغیر ویزا درشن کی سہولت حاصل ہے، تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بھارتی حکومت جانب سے اس راہداری کو محدود کرنے کے اقدامات مذہبی سیاحت اور بھائی چارے کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ انہوں نے بھارتی حکومت سے اپیل کی کہ وہ راہداری کو مکمل طور پر بحال کرے تاکہ مذہبی سیاحت اور علاقائی ہم آہنگی کو فروغ ملے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید بتایا کہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے جہاں "سکھ میرج ایکٹ” باقاعدہ طور پر منظور ہوا، جس کے تحت سکھ برادری کی شادیوں کو قانونی حیثیت دی گئی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اقلیتی برادری کے لیے 75,000 خاندانوں کو CM Minority Card پروگرام کے تحت سہولیات فراہم کیں۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت کے e-learning اور Skills Development پروگرامز میں اقلیتوں کو بھرپور حصہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1947 سے بند 40 گردواروں کو بحال کرنے کے لیے خصوصی فنڈز جاری کیے گئے ہیں، جن میں سے 15 سے 20 گردوارے رواں مالی سال میں فعال کر دیے جائیں گے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اس موقع پر پاکستان اور عالمی سکھ برادری کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف سکھ مذہب کے مقدس ترین مقامات کا امین ہے بلکہ یہاں سکھ یاتریوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
تقریب میں چیئر مین APPG جس اتهوال MP، سابق چیئرمین پریت کور گل MP، تنمن جیت سنگھ ڈھیسی MP، لارڈ واجد خان، لارڈ واٹسن آف وائر فورسٹ، گوردوارہ سمیتوک کے صدر بھائی جتندر سنگھ، سینٹرل گوردوارہ لندن کے صدر بھائی گرپریت سنگھ آنند، اور سکھ فیڈریشن کے رہنما دبندر جیت سنگھ OBE سمیت متعدد ممتاز رہنما شریک ہوئے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button