تازہ ترینیورپ

جرمن اکثریت نوعمروں کی شراب نوشی پر سخت قوانین کی خواہاں

بیئر اور وائن خریدنے کی قانونی عمر 16 سے بڑھا کر 18 سال کی جانی چاہیے۔ جرمنی میں فی الحال صرف 18 سال کی عمر والوں کو ہی ہارڈ الکحل خریدنے کی اجازت ہے۔

صلاح الدین زین ڈی پی اے، اے ایف پی ڈي، ای پی ڈی کے ساتھ

اس حوالے سے سروے میں حصہ لینے والے تقریباً دو تہائی جرمن افراد نوعمروں کے شراب نوشی پر پابندی کی حمایت کرتے ہیں۔ جرمنی کے وزرائے صحت بھی اس رائے سے متفق ہیں۔

یہ تازہ سروے فورسا نامی ایجنسی نے جرمن ہیلتھ انشورنس کمپنی کے زیر اہتمام کیا ہے۔ اس میں لوگوں سے نوجوانوں میں شراب کے بارے میں سوالات پوچھے گئے۔ اس کے لیے جرمنی بھر سے مجموعی طور پر 18-70 سال کی عمر کے 1000 افراد کی رائے لی گئی۔

اس سروے سے پتا چلا کہ نصف سے زیادہ جرمن بھی چاہتے ہیں کہ بیئر اور وائن خریدنے کی قانونی عمر 16 سے بڑھا کر 18 سال کی جانی چاہیے۔ جرمنی میں فی الحال صرف 18 سال کی عمر والوں کو ہی ہارڈ الکحل خریدنے کی اجازت ہے۔

شراب کی تشہیر ایک ایسا موضوع ہے جو جرمن سیاست میں پہلے بھی سامنے آ چکا ہے۔ اس سروے میں 35 فیصد افراد نے شراب کی تشہیر پر بھی مکمل پابندی کو ترجیح دینے کی بات کہی۔

جواب دہندگان میں سے ایک تہائی افراد نے اس حوالے سے مزید پابندیوں کی حمایت کی۔

جرمنی میں شراب نوشی ایک خطرناک عادت؟

جرمنی بھر میں ملنے جلنے اور سوشلائزیشن کے لیے بارز، پب اور ریستوراں کو اہم سمجھا جاتا ہے، جہاں اکثر الکحل کا چلن عام ہے۔ گرچہ حالیہ برسوں میں مجموعی طور پر الکحل کی کھپت میں کمی آئی ہے، تاہم مبینہ طور پر جرمنی میں 1.6 ملین لوگ ایسے بھی ہیں، جو شراب کی لت میں مبتلا ہیں۔

برلن کا ایک بار
جرمنی بھر میں ملنے جلنے اور سوشلائزیشن کے لیے بارز، پب اور ریستوراں کو اہم سمجھا جاتا ہے، جہاں اکثر الکحل کا چلن عام ہےتصویر: Hannibal Hanschke/REUTERS

جرمنی کے سینٹر فار ہیلتھ ایجوکیشن نے گزشتہ برس جو سروے کیا تھا، اس کے مطابق 12-17 سال کی عمر کے بچوں میں ضرورت سے زیادہ شراب نوشی میں بھی قدرے اضافہ ہوا ہے۔

جرمنی میں ڈاکٹروں کی تنظیمیں طویل عرصے سے ملک میں الکحل کے استعمال کو کم کرنے کے لیے صحت کی پالیسیوں پر زور دیتی رہی ہیں۔

جرمن نیوٹریشن سوسائٹی کے مطابق اعتدال مقدار میں بھی، الکحل صحت مند نہیں ہے اور وہ الکحل مشروبات سے مکمل طور پر پرہیز کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اس تنظیم کا مزید کہنا ہے کہ شراب نوشی کینسر، امراض قلب اور جگر کے امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

ان کے مطابق ایسے نوجوانوں کے لیے جن کے جسم اب بھی نشوونما پا رہے ہیں، ان کے لیے الکحل کے خطرات زیادہ ہو سکتے ہیں۔

معروف ماہر نفسیات فرانزیسکا کلیم نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا، "جو نوجوان پہلے ہی شراب پینے لگتے ہیں، ان میں صحت کے لیے اتنے ہی زیادہ خطرات ہوتے ہیں۔”

سیاست دان کیا کہتے ہیں؟

جرمنی کی وفاقی ریاستوں کے وزرائے صحت سرپرستوں کے زیرِ نگرانی شراب نوشی کے اصول پر پابندی عائد کرنے پر زور دیتے رہے ہیں۔

مشرقی جرمنی کی ریاست تھورنگیا کی وزیر صحت کیتھرینا شینک نے حال ہی میں ایک میٹنگ میں کہا کہ "شراب کا استعمال وسیع پیمانے پر منشیات کے طور پر ہوتا ہے، جو بچوں اور نوعمروں کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔”

جرمنی کی وفاقی وزیر صحت نینا وارکن نے بھی اس پر پابندی کے ان اقدام کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button