مشرق وسطیٰاہم خبریں

برطانیہ کے شام کے ساتھ سفارتی تعلقات مکمل بحال ، وزیر خارجہ کا دورہ دمشق

برطانیہ نے شامی دارالحکومت دمشق میں وزیر خارجہ ڈیوڈ لامی کے دورے کے بعد باقاعدہ طور پر شام کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کر دیے ہیں۔

یہ کسی برطانوی وزیر کا شام کا گزشتہ 14 برسوں میں پہلا دورہ ہے۔یہ دورہ برطانیہ کی خارجہ پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے، جو کہ صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے آٹھ ماہ بعد سامنے آیا ہے۔
برطانوی حکومت کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ ڈیوڈ لامی نے شام کے عبوری صدر احمد الشرع اور وزیر خارجہ اسعد الشیبانی سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے شام کی سیاسی ٹرانزیشن میں حمایت اور دوبارہ تعمیری کوششوں میں شراکت داری کا یقین دلایا۔
ڈیوڈ لامی نے کہا کہ ’میں اسد کی ظالمانہ حکومت کے خاتمے کے بعد شام کا دورہ کرنے والا پہلا برطانوی وزیر ہوں۔ میں نے خود دیکھا کہ کس طرح شامی عوام نے اپنی زندگیاں اور ملک دوبارہ تعمیر کرنے میں غیر معمولی پیش رفت کی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ایک دہائی سے زیادہ طویل جنگ کے بعد اب شامی عوام کے لیے امید کی ایک نئی کرن موجود ہے۔ برطانیہ نے سفارتی تعلقات اس لیے بحال کیے ہیں کیونکہ ہمارے مفاد میں ہے کہ ہم نئی حکومت کی مدد کریں تاکہ وہ ایک مستحکم، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی طرف گامزن ہو سکے۔‘
ڈیوڈ لامی کا کہنا تھا کہ ایک مستحکم شام غیر قانونی ہجرت کے خطرے کو کم کرے گا، داعش کے دوبارہ ابھرنے کو روکے گا، اور علاقائی سلامتی میں اضافہ کرے گا، یہ سب برطانوی حکومت کے ’پلان فار چینج‘ کا حصہ ہیں۔
اپنے دورے کے دوران، وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ برطانیہ تنظیم برائے انسدادِ کیمیائی ہتھیارکو اسد دور کے کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کے خاتمے میں مدد کے لیے 20 لاکھ پاؤنڈ فراہم کرے گا۔
انہوں نے شام میں رضاکار تنظیم ’وائٹ ہیلمٹس‘ کی خواتین قیادت سے بھی ملاقات کی، جو برطانوی امداد سے جاری معاشی بحالی کے پروگراموں سے مستفید ہو رہی ہیں۔ برطانیہ نے پچھلے دو سالوں میں ’وائٹ ہیلمٹس‘ کو 50 لاکھ پاؤنڈ سے زائد امداد دی ہے، جس میں موجودہ مالی سال کے دوران 22.5 لاکھ پاؤنڈ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ برطانوی حکومت نے 94.5 ملین پاؤنڈ کی نئی امدادی پیکج کا اعلان بھی کیا ہے، جس کا مقصد ہنگامی انسانی امداد، تعلیم، روزگار کے مواقع، اور شامی پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے ہمسایہ ممالک کی مدد کرنا ہے۔
دمشق کے بعد برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لامی کویت کا دورہ کریں گے جہاں وہ علاقائی سلامتی اور تجارت پر بات چیت کریں گے۔ اس موقع پر برطانیہ اور کویت کے درمیان ایک نئی مشترکہ کوشش کا اعلان بھی کیا جائے گا، جس کا مقصد سوڈان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنا اور صومالیہ میں امدادی کاموں میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button