
پاکستان نے چین کو ہرا کر مینز انڈر 18 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی
اس میچ میں پاکستان کی جانب سے حسن شہباز نے گیارہویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلا دی۔
مینز انڈر 18 ایشیا کپ میں پاکستان نے اپنے آخری پول میچ میں چین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
بدھ کو چین کے شہر دازھو کے نیشنل ہاکی ٹریننگ سینٹر میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے میزبان ملک کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا۔
اس میچ میں پاکستان کی جانب سے حسن شہباز نے گیارہویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلا دی۔
پاکستان کی جانب سے تیسرے کوارٹر میں علی حنظلہ نے دوسرا فیلڈ گول کرکے ٹیم کی برتری کو دو گنا کر دیا۔
تاہم چین کے شیانگ لِن نے اسی منٹ میں پینلٹی کارنر پر پہلا گول کر دیا اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔
اس دوران چین کی ٹیم نے میچ برابر کرنے کے لیے پاکستان کے گول پوسٹ پر متعدد حملے کیے، لیکن گول کیپر غلام مصطفیٰ نے گیند کو جال میں نہ پہنچنے دیا۔
اس طرح مقررہ وقت کے اختتام پر پاکستان کو ایک گول کی سبقت حاصل تھی اور اس نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔
اب جمعے کو مینز انڈر 18 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ملائیشیا سے ہوگا۔