پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

پاکستان کے پی کے گورنمنٹ : آئی جی ایف سی ساؤتھ کا کیڈٹ کالج وانا کا دورہ، طلباء سے خصوصی نشست، ترقیاتی و تعلیمی امور پر گفتگو

پاک فوج اور ایف سی نہ صرف سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہے بلکہ تعلیم، صحت، روزگار، اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں بھی اپنی خدمات پیش کر رہی ہے۔

وانا (نامہ نگار): انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (ساؤتھ) میجر جنرل مہر عمر خان نے حال ہی میں کیڈٹ کالج وانا کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کالج کے طلباء سے ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔ اس دوران کیڈٹس نے میجر جنرل مہر عمر خان سے خطے میں سکیورٹی کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں، تعلیم و صحت کے شعبوں میں جاری اقدامات سمیت مختلف اہم موضوعات پر سوالات کئے۔
اس اہم نشست میں آئی جی ایف سی ساؤتھ نے طلباء کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھا کر ملک و قوم کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کیڈٹس کو تلقین کی کہ وہ منفی پروپیگنڈے اور گمراہ کن اطلاعات سے دور رہیں، اور قومی یکجہتی، حب الوطنی، اور مثبت سوچ کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کا شعور، بصیرت اور تعلیمی قابلیت ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
میجر جنرل مہر عمر خان نے فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (ساؤتھ) کی جانب سے قبائلی اضلاع میں قیام امن، سماجی و اقتصادی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فوج اور ایف سی نہ صرف سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہے بلکہ تعلیم، صحت، روزگار، اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں بھی اپنی خدمات پیش کر رہی ہے۔
کیڈٹس نے اس موقع پر پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (ساؤتھ) کی خطے میں قیام امن، ترقیاتی کاموں اور عوامی خدمت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی ساؤتھ کی کاوشوں کی بدولت آج علاقہ امن و استحکام کی جانب گامزن ہے، اور نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع حاصل ہو رہے ہیں۔
اپنے دورے کے دوران آئی جی ایف سی ساؤتھ نے کالج کی مختلف تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کلاس رومز، لیبارٹریز، لائبریری اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا اور طلباء کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کالج انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے قومی یکجہتی اور نوجوان نسل کی بہتر تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس دورے کو کیڈٹس اور کالج انتظامیہ کی جانب سے بے حد سراہا گیا، اور اسے طلباء کے لیے نہایت حوصلہ افزا اور معلوماتی قرار دیا گیا۔
میجر جنرل مہر عمر خان کا یہ دورہ اس امر کا مظہر ہے کہ عسکری قیادت نہ صرف ملک کے دفاع کے فرائض انجام دے رہی ہے بلکہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور تعلیم کے فروغ کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button