
لاہور: مریم نواز شریف کی کارکردگی نے خیبرپختونخوا میں بھی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے، کے پی حکومت عوامی اعتماد سے محروم
خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کی عوامی ساکھ میں کمی اور مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کے ترقیاتی ماڈل کی مقبولیت نے آئندہ عام انتخابات کے لیے نیا سیاسی ماحول پیدا کر دیا ہے۔
سید عاطف ندیم-پاکستان، وائس آف جرمنی کے ساتھ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کارکردگی کا جادو نہ صرف پنجاب میں سر چڑھ کر بول رہا ہے، بلکہ اب خیبرپختونخوا کے عوام بھی ان کی قیادت، گڈ گورننس اور شفاف طرز حکمرانی کو سراہنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ ایک عالمی سطح پر مستند عوامی سروے میں خیبرپختونخوا کے عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو اپنی صوبائی حکومت سے زیادہ بہتر اور مؤثر قرار دیا ہے، جو ملک کے سیاسی منظرنامے میں ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔
خیبرپختونخوا میں مریم نواز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت
سروے کے نتائج کے مطابق، مریم نواز شریف کو صرف پنجاب میں نہیں بلکہ خیبرپختونخوا میں بھی عوامی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ عوام کی اکثریت نے انہیں دیگر وزرائے اعلیٰ سے زیادہ باصلاحیت، مؤثر اور عوام دوست رہنما قرار دیا۔ سروے میں یہ بھی ظاہر ہوا کہ خیبرپختونخوا کے شہریوں کی نظریں اب اپنے مسائل کے حل کے لیے پنجاب کے ماڈل پر لگی ہوئی ہیں، جہاں مریم نواز کی قیادت میں حقیقی ترقیاتی اقدامات، شفاف گورننس اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے جاری ہیں۔
خیبرپختونخوا حکومت پر عوامی اعتماد کا فقدان
اسی سروے میں خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اعدادوشمار کے مطابق:
62 فیصد کے پی کے شہری اپنی حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہیں۔
حکومت کو حمایت دینے والے شہریوں کی تعداد کم ہو کر صرف 38 فیصد رہ گئی ہے۔
49 فیصد پی ٹی آئی کے حامی ووٹرز نے بھی موجودہ حکومت کی کارکردگی پر مایوسی ظاہر کی ہے۔
کرپشن، بدانتظامی اور ترقیاتی کاموں کی عدم موجودگی
سروے کے نتائج میں کرپشن اور بدانتظامی کو خیبرپختونخوا حکومت کے سب سے بڑے مسائل میں شمار کیا گیا۔ اعدادوشمار کے مطابق:
52 فیصد شہریوں نے تسلیم کیا کہ ترقیاتی فنڈز میں خرد برد اور کرپشن ہو رہی ہے۔
62 فیصد پی ٹی آئی ووٹرز نے بھی خیبرپختونخوا میں کرپشن کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
48 فیصد ووٹرز کا کہنا ہے کہ کرپشن میں اضافہ ہو رہا ہے۔
روزگار، کاروبار اور سیکیورٹی پر حکومت کی ناکامی
سروے کے مطابق:
67 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت روزگار اور کاروباری مواقع پیدا کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔
73 فیصد ووٹرز نے سرکاری ملازمتوں کے حصول میں میرٹ کی عدم موجودگی اور ذاتی تعلقات کے کردار پر تشویش کا اظہار کیا۔
57 فیصد شہری خیبرپختونخوا میں امن و امان کی خراب صورتحال اور دہشت گردی کے خدشات سے خوفزدہ ہیں۔
پنجاب حکومت کی تعریف، گڈ گورننس کا ماڈل
سروے میں یہ بھی واضح ہوا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، شفاف نظام اور عوامی ریلیف پروگرامز نے دوسرے صوبوں کے عوام کو متاثر کیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے لوگوں نے کھل کر اس بات کا اظہار کیا کہ مریم نواز شریف کی زیر قیادت پنجاب میں:
میرٹ کی پاسداری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات پر سنجیدگی سے کام ہو رہا ہے۔
بدعنوانی کے خلاف مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔
سیاسی مبصرین کی رائے
سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق، یہ عوامی رجحان صرف ایک سروے تک محدود نہیں بلکہ یہ پاکستان کے سیاسی بیانیے میں ایک بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کی عوامی ساکھ میں کمی اور مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کے ترقیاتی ماڈل کی مقبولیت نے آئندہ عام انتخابات کے لیے نیا سیاسی ماحول پیدا کر دیا ہے۔
مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نہ صرف اپنے صوبے میں کامیابیاں سمیٹ رہی ہے، بلکہ دیگر صوبوں کے عوام بھی اسی طرز حکمرانی کی خواہش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب، خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی، کرپشن اور بدانتظامی کے الزامات نے اسے شدید عوامی تنقید کی زد میں لا کھڑا کیا ہے۔ یہ صورتحال واضح اشارہ ہے کہ پاکستان کے عوام اب روایتی سیاست سے ہٹ کر نتائج پر مبنی قیادت کو ترجیح دے رہے ہیں۔