
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے، اس میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم و ہمت کی کھل کر تعریف کی۔
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر افسر، میجر سید رب نواز طارق کو خصوصی طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کی خاطر اپنی جان قربان کرنے والے شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وزیرِ اعظم نے شہید کی بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے اُن کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی اور صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے خلاف ایک سنگین خطرہ ہے، اور جب تک اس ناسور کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، ہماری جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا، "ہم ایک پُرامن اور محفوظ پاکستان کے خواب کو حقیقت بنانے کیلئے دہشتگردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوان اور افسران دن رات دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں مصروف عمل ہیں، اور ان کی قربانیوں کی بدولت ہی ملک میں امن کی فضا بحال ہو رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، لیکن ہماری بہادر افواج اور قوم کے عزم کے سامنے وہ ہمیشہ ناکام رہیں گی۔
مزید کہا گیا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور شہداء کے اہل خانہ کو یقین دلاتی ہے کہ اُن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ "ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے، جو مادرِ وطن کی حرمت پر قربان ہو گئے۔ اُن کے خون کا ایک ایک قطرہ ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے۔”
وزیرِ اعظم نے قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی طبقات دہشتگردی کے خلاف متحد ہو کر ایک مضبوط دفاعی حصار قائم کریں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کریں اور ہر محاذ پر اُن کا بھرپور ساتھ دیں۔
واضح رہے کہ آواران کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ دنوں سیکیورٹی فورسز نے ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران تین خطرناک دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا، جو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ اس کامیاب کارروائی نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر کے خلاف ہر وقت چوکس اور تیار ہیں۔
حکومتِ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، اور شہداء کے مشن کو مکمل کیا جائے گا۔