پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

ایران پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے: ایرانی وزیر داخلہ کی محسن نقوی سے گفتگو

ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور حالیہ قدرتی آفت کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس مشکل وقت میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
سکندر مومنی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے اور اگر پاکستان کو کسی بھی نوعیت کی امداد یا تعاون درکار ہو تو اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ حاضر ہے۔

گفتگو کے دوران ایرانی وزیر داخلہ نے آئندہ ہفتے ہونے والے اہم سفارتی دورے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے صدر، مسعود پزشکیان، 26 جولائی کو پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر غور کیا جائے گا۔

ایرانی وزیر داخلہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ دورہ ایران کو سراہتے ہوئے اس کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے مشکل وقت میں یکجہتی کا اظہار دونوں ممالک کے قریبی دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے دورہ اسلام آباد کا منتظر ہے، اور امید ظاہر کی کہ یہ دورہ باہمی تعاون کو ایک نئی جہت دے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مذہب، ثقافت، تاریخ اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک علاقائی و عالمی سطح پر ایک دوسرے کے اہم شراکت دار ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button