
اسلام آباد نمائندہ خصوصی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کو پی ایم اے طرز پر جدید ترین تربیتی ادارہ بنایا جا رہا ہے جہاں نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح کے تربیتی معیار کو فروغ دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے انکشاف کیا کہ ایک سال قبل جب انہوں نے اکیڈمی کا دورہ کیا تھا تو اس کی حالت نہایت خستہ تھی، یہاں کوئی سٹاف موجود نہیں تھا اور یہ مقام ایک ڈمپنگ سٹیشن کا منظر پیش کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے اکیڈمی کی تزئین و آرائش کے حوالے سے بات کی گئی اور اب اس اکیڈمی میں مثبت تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے یہاں دوسرے ملکوں کے افسران تربیت کے لیے آتے تھے، اور اب اقوام متحدہ بھی اس اکیڈمی میں اپنا تربیتی پروگرام شروع کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ اکیڈمی میں سائبر کرائم، کریمنالوجی اور دیگر جدید شعبوں پر مبنی نئے کورسز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ تربیت دینے والے افسران کو مناسب معاوضہ دیا جائے گا تاکہ بہترین اساتذہ میسر آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ کورس کمانڈرز بھی تعینات کیے جائیں گے تاکہ پولیس فورس کے لیے اعلیٰ معیار کے افسران تیار ہو سکیں۔