
بچوں کے تحفظ کے لیے قائم ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کا پہلا کامیاب سال مکمل
"میری پہچان سروس" اور "فیشل ریکگنیشن سروس" متعارف کروائی گئی ہیں۔ ان جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے شناخت میں آسانی اور والدین تک رسائی مزید مؤثر ہو گئی ہے۔
لاہور (نمائندہ خصوصی) – پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تحت قائم ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی نے اپنے پہلے سال کی کامیاب تکمیل کر لی ہے۔ اتھارٹی نے گزشتہ ایک سال کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق سینٹر نے بچوں کے تحفظ، بازیابی اور انصاف کی فراہمی میں شاندار خدمات انجام دیں۔
رپورٹ کے مطابق ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی نے 35 ہزار سے زائد گمشدہ یا لاوارث بچوں کو بحفاظت ان کے اہلِ خانہ سے ملایا۔ اس دوران پنجاب سیف سٹی کے تحت چلنے والے ‘میرا پیارا’ سینٹر کو 73,000 سے زائد بچوں سے متعلق کیسز موصول ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران 13,356 شکایات پر ایف آئی آرز درج کی گئیں اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ 65,000 سے زائد کیسز آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سسٹم کے ذریعے کامیابی سے حل کیے گئے، جو ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کا ثبوت ہے۔
بچوں سے زیادتی کے خلاف کارروائیاں
سینٹر نے بچوں سے جنسی و جسمانی زیادتی کے کیسز میں اہم پیش رفت کی، جہاں 1,825 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 3,000 سے زائد ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ ان اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ سیف سٹی اتھارٹی بچوں کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔
نئی سروسز کا آغاز
ترجمان سیف سٹی کے مطابق، بچوں کی بروقت شناخت اور بازیابی کے لیے "میری پہچان سروس” اور "فیشل ریکگنیشن سروس” متعارف کروائی گئی ہیں۔ ان جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے شناخت میں آسانی اور والدین تک رسائی مزید مؤثر ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ فلاحی اداروں میں موجود 1,400 سے زائد لاوارث بچوں کا ریکارڈ ‘میرا پیارا’ سسٹم میں شامل کر لیا گیا ہے، اور ملک بھر کے فلاحی اداروں کا ڈیٹا مرکزی ڈیٹابیس سے منسلک کیا جا رہا ہے، تاکہ کسی بھی بچے کے حوالے سے فوری معلومات دستیاب ہو سکیں۔
آگاہی مہم اور شہریوں کی شمولیت
سیف سٹی کی جانب سے سوشل میڈیا پر بچوں کی گمشدگی، تشدد اور استحصال کے خلاف مسلسل آگاہی مہمات بھی جاری رکھی گئیں۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کو کوئی گمشدہ یا لاوارث بچہ ملے تو فوری طور پر 15 پر کال کر کے 3 دبائیں اور اطلاع ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کو دیں، تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔
ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی سالانہ رپورٹ اس بات کا مظہر ہے کہ پنجاب حکومت اور سیف سٹیز اتھارٹی بچوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ، جدید اور مؤثر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، اور عوامی شمولیت کے امتزاج سے یہ نظام مستقبل میں بچوں کے لیے مزید محفوظ پاکستان کی بنیاد رکھ رہا ہے۔



