یورپاہم خبریں

پلاسٹک آلودگی صحت کے لیے کتنا سنگین خطرہ بن چکی ہے؟

''پلاسٹک بچپن سے بڑھاپے تک بیماریوں اور اموات کا باعث بن رہا ہے، جس سے صحت سے متعلق سالانہ 1.5 ٹریلین ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان ہو رہا ہے۔‘‘

امتیاز احمد اے ایف پی کے ساتھ

پلاسٹک آلودگی صحت کے لیے ایک سنگین اور بڑھتا ہوا خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ اس طرح عالمی معیشت کو سالانہ کم از کم 1.5 ٹریلین ڈالر کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ پلاسٹک آلودگی سب سے زیادہ بچوں اور کمزور افراد کو متاثر کر رہی ہے۔

دی لانسیٹ میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق، ”پلاسٹک بچپن سے بڑھاپے تک بیماریوں اور اموات کا باعث بن رہا ہے، جس سے صحت سے متعلق سالانہ 1.5 ٹریلین ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان ہو رہا ہے۔‘‘

رپورٹ میںپلاسٹک کے اثرات کا موازنہ ہوا کی آلودگی اور سیسے سے کیا گیا اور کہا گیا کہ قوانین اور پالیسیوں کے ذریعے اس کے صحت پر اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین نے جنیوا میں جمع ہونے والے تقریباً 180 ممالک کے نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ناکام کوششوں کے بعد بالآخر ایک معاہدے پر اتفاق کریں۔

جزیرے بالی پر پلاسٹک کچرا
رپورٹ میں مائیکرو پلاسٹک کے چھوٹے ذرات کے بارے میں بھی خبردار کیا گیا، جو فطرت اور انسانی جسموں میں ہر جگہ پائے گئے ہیںتصویر: Johannes Panji Christo/Anadolu/picture alliance

بوسٹن کالج امریکہ کے ڈاکٹر اور محقق فلپ لینڈریگن نے خبردار کیا کہ پلاسٹک آلودگی سے سب سے زیادہ کمزور افراد، خاص طور پر بچے، متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”ہم پر لازم ہے کہ ہم اس کا سدباب کریں۔ جنیوا میں ملاقات کرنے والوں سے گزارش ہے کہ وہ اس عالمی بحران کے جواب میں معنی خیز اور موثر بین الاقوامی تعاون کے لیے مشترکہ بنیاد تلاش کرنے کا چیلنج تسلیم کریں اور موقع بروئے کار لائیں۔‘‘

مائیکرو پلاسٹک کا خطرہ

رپورٹ میں مائیکرو پلاسٹک کے چھوٹے ذرات کے بارے میں بھی خبردار کیا گیا، جو فطرت اور انسانی جسموں میں ہر جگہ پائے گئے ہیں۔ مائیکرو پلاسٹک کے صحت پر مکمل اثرات ابھی پوری طرح معلوم نہیں لیکن محققین نے اس پلاسٹک کے ممکنہ اثرات کے بارے میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

پلاسٹک کی پیداوار اور ری سائیکلنگ

رپورٹ کے مطابق دنیا میں پلاسٹک کی پیداوار 1950 میں دو ملین ٹن سے بڑھ کر سن 2022 میں 475 ملین ٹن ہو چکی تھی اور سن 2060 تک اس کی پیداوار میں تین گنا اضافے کا امکان ہے۔ تاہم، فی الحال 10 فیصد سے بھی کم پلاسٹک ری سائیکل کیا جاتا ہے۔

بالی جزیرے پر پلاسٹک کچرا
فی الحال 10 فیصد سے بھی کم پلاسٹک ری سائیکل کیا جاتا ہےتصویر: Johannes Panji Christo/Anadolu/picture alliance

پلاسٹک اور ماحولیاتی بحران

لینڈریگن نے کہا کہ پلاسٹک کا عالمی ”بحران‘‘ ماحولیاتی بحران سے جڑا ہوا ہے کیونکہ پلاسٹک فوسل ایندھن سے بنتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ”یہ دونوں آج ہزاروں لوگوں میں بیماری، اموات اور معذوری کا باعث بن رہے ہیں اور آنے والے برسوں میں جیسے جیسے سیارہ گرم ہوتا جائے گا اور پلاسٹک کی پیداوار بڑھتی جائے گی، یہ نقصانات بھی مزید شدید ہو جائیں گے۔‘‘

اس رپورٹ میں پلاسٹک آلودگی کے صحت پر اثرات کو ٹریک کرنے کے لیے ایک نئے منصوبے کا بھی اعلان کیا گیا، جو دی لانسیٹ کاؤنٹ ڈاؤن سیریز کا حصہ ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button