
ریاض میں ایک اور عالمی ٹینس شو "سکس کنگز سلام” میں چھ سپر اسٹارز کی شرکت
یانیک سینر، کارلوس الکاراز، نوفاک جوکووچ سمیت عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی 15 سے 18 اکتوبر تک ریاض میں ایکشن میں نظر آئیں گے
سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے اعلان کیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ چھ ٹینس اسٹارز رواں سال "سکس کنگز سلام” چیلنج میں ایک بار پھر موسمِ ریاض کا حصہ بنیں گے۔
یہ عالمی مقابلے 15 سے 18 اکتوبر کے درمیان ہوں گے، جن میں ان کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جو اس وقت پروفیشنل ٹینس پلیئرز کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ہیں۔
گذشتہ سال یہ ایونٹ بھی ریاض میں ہی منعقد ہوا تھا، جہاں آسٹریلین اوپن کے چیمپئن اور عالمی نمبر ون یانیک سینر نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں رولان گیروس 2025ء کے چیمپئن کارلوس الکاراز کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کی شرکت اس سال بھی یقینی ہو چکی ہے۔
ان کے ساتھ سربیا کے عالمی لیجنڈ نوفاک جوکووچ بھی میدان میں اتریں گے، جنہوں نے اب تک "گرینڈ سلام” مقابلوں میں 24 انفرادی ٹائٹلز جیت کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے پچھلے برس رافائیل نادال کے خلاف جذبات سے بھرپور ایک یادگار مقابلے میں فتح حاصل کی تھی، جو ان دونوں کے درمیان نادال کے ریٹائرمنٹ سے قبل آخری ٹاکرا تھا۔
رواں سال ایونٹ میں تین نئے چہروں کی شمولیت سے مقابلہ مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔ ان میں اولمپکس ٹوکیو 2020 کے گولڈ میڈلسٹ اور تین بار گرینڈ سلام کے فائنلسٹ، جرمنی کے الیگزینڈر زویریو شامل ہیں، جب کہ برطانیہ کے جیک ڈریپر اور امریکہ کے ٹیلر فریٹز بھی پہلی بار اس ایونٹ میں شریک ہوں گے۔ یہ دونوں کھلاڑی اس وقت عالمی رینکنگ میں بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔