
پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ یونان کے ساحل پر ڈوبنے والی کشتی میں زندہ بچ جانے والوں میں سے 12 پاکستانیوں کی شناخت ہو گئی ہے تاہم ابھی تک مرنے والوں میں پاکستانی شہریوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
سنیچر کو وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے سنیچر کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’ہمارا مشن 78 برآمد شدہ لاشوں کی شناخت کے عمل میں یونانی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔ یہ شناختی عمل قریبی خاندان کے افراد (صرف والدین اور بچوں) کے ساتھ ڈی این اے میچنگ کے ذریعے ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ یونان میں پاکستانی مشن سفیر عامر آفتاب کی سربراہی میں مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ ہلاک ہونے اور زندہ بچ جانے والے پاکستانی شہریوں کی شناخت ، بازیابی اور امداد فراہم کی جا سکے۔





