
خواتین کی تعلیم خوشحال معاشرے کی ضمانت ہے، طالبات کی حوصلہ افزائی وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کا حصہ ہے — ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن
ان کی تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں نہ صرف طالبات کی انفرادی محنت کا نتیجہ ہیں بلکہ اساتذہ اور والدین کی تربیت اور رہنمائی بھی اس میں شامل ہے
جہلم مخدوم حسین چوہدری سے: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا ہے کہ خواتین کی تعلیم ایک خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے، اور پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کے ویژن کے تحت طالبات کی اعلیٰ تعلیم پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے تاکہ وہ تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج فار ویمن کچہری جہلم کے دورے کے موقع پر ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا اہتمام راولپنڈی بورڈ کے سالانہ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا گیا تھا۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی ہونہار طالبات میں انعامات تقسیم کیے، اور ان کی تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں نہ صرف طالبات کی انفرادی محنت کا نتیجہ ہیں بلکہ اساتذہ اور والدین کی تربیت اور رہنمائی بھی اس میں شامل ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں، اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں اور زندگی کے ہر میدان میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی تیاری کریں۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، پروفیسر حماد رضا اعوان نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کالج کی پرنسپل، اساتذہ اور پوری تدریسی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طالبات کی شاندار کارکردگی اس امر کا ثبوت ہے کہ کالج میں معیاری تعلیم دی جا رہی ہے اور انتظامیہ کی انتھک محنت کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
پروفیسر حماد رضا نے کہا کہ خواتین کی تعلیم صرف فرد کی ترقی نہیں بلکہ پوری قوم کی ترقی کا ذریعہ بنتی ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے طالبات کی نہ صرف تعلیمی رہنمائی کی بلکہ ان میں اعتماد اور حوصلہ بھی پیدا کیا۔
تقریب کے اختتام پر کالج کی پرنسپل نے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، دیگر معزز مہمانانِ گرامی، اساتذہ، والدین اور طالبات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کالج میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، تاکہ آئندہ بھی طالبات نمایاں کامیابیاں حاصل کرتی رہیں۔
یہ شاندار تقریب نہ صرف طالبات کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنی بلکہ اس سے یہ پیغام بھی عام ہوا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ خواتین کی تعلیم اور ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔