
پاسٹر انور فضل کی قیادت میں پرئیر فیسٹیول، پاکستان کی سلامتی اور پاک فوج کے لیے خصوصی دعائیں
"ہمیں صرف دعاؤں پر اکتفا نہیں کرنا، بلکہ عملی طور پر بھی اپنے بھائی بہنوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، جو اس وقت قدرتی آفت کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔"
نمائندہ خصوصی-وائس آف جرمنی
اوکاڑہ: ضلع اوکاڑہ میں مسیحی برادری کی جانب سے ایک روزہ پرئیر فیسٹیول (Prayer Festival) کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت پاکستان کے معروف مذہبی رہنما پاسٹر انور فضل نے کی۔ اس بابرکت اجتماع میں ملک کی سلامتی، استحکام، دہشت گردی کے خاتمے اور بالخصوص افواجِ پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
فیسٹیول میں ضلعی انتظامیہ کے نمائندے، مختلف بشپ، پاسٹرز، اور مسیحی برادری کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے جذبۂ حب الوطنی کے ساتھ پاک فوج اور وطنِ عزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاسٹر انور فضل نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
"پاکستان ہم سب کا ملک ہے، ہم سب پاکستانی ہیں اور ایک قوم ہیں۔ پاک فوج ہمارا فخر ہے۔ اگر کوئی دشمن ہمارے وطن کے خلاف سازش کرے تو مسیحی برادری افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔”
انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ وطن ہمیں آسانی سے نہیں ملا، بلکہ اس کی بنیاد شہداء کے لہو سے رکھی گئی۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اتحاد، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیں، کیونکہ یہی یکجہتی ہماری اصل طاقت ہے۔
پاسٹر انور فضل نے سیلاب متاثرین کی امداد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مسیحی برادری سے اپیل کی کہ:
"ہمیں صرف دعاؤں پر اکتفا نہیں کرنا، بلکہ عملی طور پر بھی اپنے بھائی بہنوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، جو اس وقت قدرتی آفت کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔”
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، بین المذاہب ہم آہنگی، قومی یکجہتی، دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے خصوصی اجتماعی دعائیں کی گئیں۔
پوری مسیحی برادری نے اس موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ وطنِ عزیز کی ترقی اور بقا کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی اور ہر موقع پر پاک فوج کے ساتھ کھڑی رہے گی۔