
ترکی: فٹبال میں سٹے بازی کا اسکینڈل، بڑے پیمانے پر گرفتاریاں جاری
پراسیکیوٹرز کے مطابق ایوب اسپورٹس کلب کے صدر مرات اوزکایا کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ترکی میں فٹبال میچوں پر سٹے بازی کے اسکینڈل کے سلسلے میں 21 افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جن میں 17 ریفری بھی شامل ہیں۔ اس حوالے سے استنبول کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے جمعے کو پلیٹ فارم ایکس پر تفصیلات جاری کیں۔
پراسیکیوٹرز کے مطابق ایوب اسپورٹس کلب کے صدر مرات اوزکایا کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان گرفتاریوں کا مقصد اختیارات کے غلط استعمال اور میچ فکسنگ کے الزامات کی تحقیقات ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 18 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
گزشتہ ماہ ترک فٹبال فیڈریشن (ٹی ایف ایف) نے انکشاف کیا تھا کہ 152 میچ آفیشلز نے خود سٹے بازی میں حصہ لیا۔ اس کے بعد کلبوں اور کھلاڑیوں کے خلاف بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ٹی ایف ایف نے اب تک 149 ریفریوں اور ان کے معاونین کو آٹھ سے بارہ ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے۔



