
بین الاقوامیاہم خبریں
سعودی عرب میں عبادت گاہوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے دو شہریوں کے سر قلم کر دیے گئے
یہ الزامات بھی ثابت ہو گئے تھے کہ انہوں نے سعودی سکیورٹی تنصیبات اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کے منصوبے بھی بنا رکھے تھے۔
خلیجی بادشاہت سعودی عرب میں اتوار نو نومبر کے روز دو ایسے مقامی شہریوں کو ان کے سر قلم کر کے سزائے موت دے دی گئی، جن پر ایک دہشت گرد گروہ میں شمولیت کا الزام تھا۔ اس گروہ نے عبادت گاہوں پر دہشت گردانہ حملوں کے منصوبے بنا رکھے تھے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے نے ملکی وزارت داخلہ کے جاری کردہ ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ان دونوں مجرموں پر لگائے گئے یہ الزامات بھی ثابت ہو گئے تھے کہ انہوں نے سعودی سکیورٹی تنصیبات اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کے منصوبے بھی بنا رکھے تھے۔

سعودی وزارت داخلہ کے جاری کردہ بیان میں نہ تو سزائے موت پانے والے ملکی شہریوں کی شناخت ظاہر کی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ سزا پانے والے دونوں مجرموں نے عبادت گاہوں پر کس وقت حملے کرنے کے منصوبے بنا رکھے تھے اور آیا ان کی طرف سے ایسے حملے کیے بھی جا چکے تھے۔


