وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگلے الیکشن میں عمران خان اور پی ٹی آئی کہیں نظر نہیں آ رہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آپ اپنی مرضی کے قانون آرڈیننس کے ذریعے لاتے ہیں، اگر قانون سازی کرنی ہے تو عوام کیلئے کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ آرڈیننس سے شارٹ ٹرم فائدہ ہو سکتا ہے لیکن الیکشن میں اس کا حساب کتاب لیا جائے گا، الیکشن جب بھی ہوں مجھے اگلے الیکشن میں عمران خان اور پی ٹی آئی کہیں نظر نہیں آرہے۔
پنڈورا پیپرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا عمران خان جو پیمانے دوسروں کیلئے رکھتے ہیں اپنے لیے بھی وہی رکھیں، عمران خان نے 2016 میں آف شور اکاؤنٹ رکھنے والوں کو چور کہا تھا، اب جن وفاقی وزرا ءکے نام پنڈورا پیپرز میں آئے ہیں وہ پہلے عہدوں سے استعفے دیں۔