
بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیان کی مذمت؛ پاکستان ہندو کونسل کا عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ
“ہمیں فخر ہے کہ قیامِ پاکستان کے وقت ہمارے بڑوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے کہنے پر ہجرت نہ کرنے اور اسی دھرتی پر رہنے کا فیصلہ کیا
سید عاطف ندیم.پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
پاکستان ہندو کونسل کے سرپرستِ اعلیٰ اور رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے سندھ سے متعلق اشتعال انگیز بیان کو سخت ترین الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے اسے پاکستان کی خود مختاری، جغرافیائی سالمیت اور نظریاتی بنیادوں پر کھلا حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی فورمز سے مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں نفرت اور کشیدگی کو ہوا دینے والی اس غیر ذمہ دارانہ گفتگو کا فوری نوٹس لیا جائے۔
ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان غیر سنجیدہ، بچگانہ اور احمقانہ حرکت ہے جو نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین اور سفارتی آداب کے بھی سراسر منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ریاستی سرحدیں جذباتی نعروں یا سیاسی تقریروں سے تبدیل نہیں ہوتیں بلکہ یہ بین الاقوامی معاہدوں اور عالمی تسلیم شدہ اصولوں کے تحت قائم رہتی ہیں۔
"سندھ پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے” — ڈاکٹر رمیش کمار
انہوں نے واضح کیا کہ سندھ پاکستان کا تاریخی، ثقافتی اور آئینی حصہ ہے اور پاکستان کی سرحدیں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں۔ اس لیے پاک بھارت سرحد کو تبدیل کرنے کی بات کرنا نہ صرف حقیقت سے دور ہے بلکہ علاقائی امن و امان کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
پاکستانی ہندو برادری کی حب الوطنی پر فخر
ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ پاکستان کی ہندو کمیونٹی ایک محب وطن، ذمہ دار اور امن پسند برادری ہے جو پاکستان کو اپنی دھرتی ماتا سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا:
“ہمیں فخر ہے کہ قیامِ پاکستان کے وقت ہمارے بڑوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے کہنے پر ہجرت نہ کرنے اور اسی دھرتی پر رہنے کا فیصلہ کیا۔ آج ہماری پہچان پاکستان ہے اور ہم اسی کے وفادار شہری ہیں۔”
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی سندھی ہندو برادری ہمیشہ سے پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ملکی استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
پاکستانی ہندو کمیونٹی کا پُر اعتماد مؤقف
پاکستان ہندو کونسل کے مطابق بھارتی وزیر دفاع کا اشتعال انگیز بیان قابل مذمت ضرور ہے، تاہم پاکستانی ہندو اسے کسی فوری بڑے خطرے کے طور پر نہیں دیکھتے۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے، اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے اور بھارت کی سیاسی بیان بازی کا خطے کی حقیقتوں سے کوئی تعلق نہیں۔
عالمی برادری کو خطے کا امن محفوظ کرنا ہوگا
ڈاکٹر رمیش کمار نے عالمی طاقتوں سے کہا کہ وہ اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کا نوٹس لیں جو جنوبی ایشیا میں کشیدگی بڑھانے اور نفرت پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں امن کا تحفظ اور دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں کمی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔



