لومیرج کی بجائے ارینج میرج زیادہ بہتر ہے ، جمائمہ خان
وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ خان کا کہنا ہے کہ عمر سے بڑے سیاسی طورپر طاقتور شخص سے شادی کی وجہ سے مخالفت کا نشانہ بنایا گیا ۔ لومیرج دیوانے کا خواب سمجھتی تھی لیکن دس سال پاکستان میں گذارنے کے بعد سمجھ آئی کہ ارینج میرج زیادہ بہتر ہے ۔
لندن : وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ خان کا کہنا ہے کہ عمر سے بڑے سیاسی طورپر طاقتور شخص سے شادی کی وجہ سے مخالفت کا نشانہ بنایا گیا ۔ لومیرج دیوانے کا خواب سمجھتی تھی لیکن دس سال پاکستان میں گذارنے کے بعد سمجھ آئی کہ ارینج میرج زیادہ بہتر ہے ۔
جمائمہ خان نے برطانوی اخبار دی ایوننگ سٹینڈرڈ کے ساتھ اپنے آئندہ آنے والے شو ’دی امپیچمنٹ‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے اپنی نجی زندگی کے بارے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جب میں پاکستان گئی تھی تو ارینجڈ میرج کو پرانا اور پاگلوں والا خیال تصور کرتی تھی اور لومیرج پر ہی یقین رکھتی تھی لیکن جب دس سال پاکستان میں گذارنے کے بعد برطانیہ لوٹی تو میری سوچ تبدیل ہوگئی اور مجھے لومیرج کی بجائے ارینج میرج میں زیادہ فوائد نظر آنا شروع ہوگئے ۔
جمائمہ خان نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ جبری شادی نہیں ہونی چاہئے یہ ایک مختلف چیز ہے لیکن ارینج میرج زیادہ بہتر ہے ۔
انٹرویو میں پاکستان چھوڑنے کے بارے ایک سوال کے جواب میں جمائمہ خان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان کو اس لئے چھوڑا کیونکہ مجھے سیاسی طورپر نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی تھی ۔ عمران خان سیاسی طورپر طاقتور تھے اور ان کو نشانہ بنانے کے لئے مجھے استعمال کیا جا رہا تھا جو میں نہیں چاہتی تھی ۔
جمائمہ خان نے کہا کہ ان کی شادی اپنی عمر سے کافی بڑی عمر کے شخص سے ہوئی جو سیاسی طورپر اہمیت کے حامل تھے اور ان کو نیچا دکھانے کے لئے مجھے سیاسی بنیادوں پر جیل میں جانے کی دھمکی بھی دی گئی تھی ۔